
نادیہ مقبول / دبئی
ہم سب اپنی زندگی میں سکون تلاش کرتے ہیں۔ کبھی ہم سوچتے ہیں کہ جب ہمارے پاس زیادہ پیسہ ہو گا تو سکون ملے گا اور کبھی ہم سوچتے ہیں کہ جب ہمارے مسائل ختم ہوں
گے تو ہمیں خوشی ملے گی یا جب ہماری خواہش پوری ہو گی تو ہمارا دل مطمئن ہو جائے گا۔حقیقت یہ ہے کہ سکون ہمیشہ حالات کے بدلنے سے نہیں بلکہ ہمارے دل اور سوچ کے بدلنے سے آتا ہے ۔
اور دل کو سکون دینے والی سب سے خوبصورت عادت ہے “شکر” کرنا ہے
شکر کا مطلب صرف یہ نہیں کہ جب ہمیں کوئی بڑی خوشی ملے تو ہم "الحمدللہ" کہیں۔ اصل شکر یہ ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں موجود چھوٹی چھوٹی نعمتوں کو بھی پہچانیں۔جیسے صحت، سر پہ چھت ہونا، مخلص لوگوں کا ساتھ، دو وقت کی روٹی کا انتظام ہونا، اولاد، سب سے بڑھ کر قرآن جیسی کتاب کا ہماری زندگیوں میں مشعل راہ کے طور پہ ہونا اور امت محمدی (صل للہ علیہ وسلم ) ہونا۔جب انسان شکر کرنا شروع کرتا ہے تو اس کی توجہ ان چیزوں سے ہٹنے لگتی ہے جو اس کے پاس نہیں ہیں اور ان نعمتوں کی طرف جانے لگتی ہے جو پہلے ہی اس کے پاس موجود ہیں۔
یہی تبدیلی دل میں سکون پیدا کرتی ہے،جب دل پریشان ہو، تو ایک لمحے کے لیے رک کر خود سے پوچھیں:۔
آج میرے پاس کون سی تین نعمتیں ہیں جن کے لیے میں شکر گزار ہوں؟چھوٹی چھوٹی چیزوں پر شکر ادا کرنا آہستہ آہستہ ہمارے دل اور سوچ کو بدل دیتا ہے۔
حضرت محمد(صل للہ علیہ وسلم) نے فرمایا:۔
“ ان لوگوں کو دیکھو جو تم سے (دنیاوی اعتبار سے)کم تر ہیں، اور ان لوگوں کو نہ دیکھو جو تم سے اوپر ہیں. یہ اس بات کے زیادہ قریب ہے کہ تم اللہ کی نعمت کو حقیر نہ سمجھو.”(صحیح مسلم ، حدیث ٢٩٦٣)
“علامہ اقبال “کے نزدیک شکر صرف زبانی کلمہ یا روایتی عاجزی کا نام نہیں بلکہ یہ عمل، خودی کی بیداری اور عملی جدوجہد کا نام ہے۔شکر انسان کی خودی کو تقویت دیتا ہے۔جب بندہ اللہ کی نعمتوں کا اعتراف کرتا ہے تو اس کے اندر احساسِ ذمہ داری بیدار ہوتی ہے اور وہ عزم و حوصلے سے مشکلات کا مقابلہ کرتا ہے۔زندگی میں ہر چیز ہمارے مطابق نہیں ہوتی لیکن جب انسان شکر، صبر اور قناعت کو اپنی زندگی کا حصہ بناتا ہے تو وہ ہر وقت شکایتوں کے بوجھ میں نہیں رہتا۔
شکر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ میرے پاس ابھی بھی بہت کچھ ہے۔
صبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ مشکل وقت ہمیشہ نہیں رہے گا۔
اور یہی دونوں چیزیں مل کر دل میں سکون پیدا کرتی ہیں۔
شکر کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کو کوئی پریشانی نہیں
یہ بہت ضروری بات ہے۔
شکر گزار انسان کی زندگی میں بھی مشکلات، پریشانیاں اور آزمائشیں آتی ہیں۔ شکر کا مطلب یہ نہیں کہ انسان کبھی اداس نہیں ہوگا یا اسے کبھی درد محسوس نہیں ہوگا۔
بلکہ شکر کا مطلب یہ ہے کہ مشکل کے درمیان بھی انسان اللہ کی نعمتوں کو پہچاننا نہیں چھوڑتا۔
وہ کہتا ہے:۔
“یا اللہ، یہ وقت مشکل ہے، لیکن پھر بھی میں تیری بے شمار نعمتوں پر شکر گزار ہوں۔
رسول اللہ نے فرمایا
“مومن کو جب خوشی ملے تو شکر کرتا ہے، اور یہ اس کے لیے بہتر ہے اور جب تکلیف پہنچے تو صبر کرتا ہے ، اور یہ بھی اس کے لئے بہتر ہے”
(صیصح مسلم، حدیث۲۹۹۹)
اس رب سے شکر کے ذریعے تعلق مضبوط کریں ، اللہ سبحان و تعالیٰ اپنے بندے کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا، جو شکر کرتا ہے اللہ اس کی نعمتوں میں اضافہ فرما دیتا ہے.
چلیں آئیں پھر “شکر” کو زندگی کا شعار بنا لیں ، روز کم از کم پانچ نعمتوں کا سوچیں اور دل سے “الحمد للہ” کہیں پھر دیکھیں دل میں کیسا سکون اترتا ہے، یہ ایسا سکون اور ایسی کیفیت ہو گی کہ جس سے آپ کا زندگی کو دیکھنے کا انداز ہی بدل جائے گا.
اللہ ہم سب کو اپنے شکر گزار بندوں میں شامل رکھے.آمین



































