
عشاء بنت فاروق
کیا تم نے کبھی سوچا ہے ،وہ دن جب خاموش زمین بول اٹھے گی؟ جب برسوں سےچھپے راز، دبی آہیں، معصوم سسکیاں، شہیدوں
کے لہو، ماں کی دعائیں اور یتیموں کے آنسو سب کچھ زبان بن جائیں گے۔ وہ زمین جو صدیوں تک سب کچھ سہتی رہی، چپ چاپ دباتی رہی، ایک دن گواہی دے گی۔ وہ دن جسے یومِ حساب کہتے ہیں، جس کا وعدہ ہے، جو آ رہا ہے۔ قرآن کہتا ہے: "يَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ أَخْبَارَهَا"
"اس دن زمین اپنی خبریں بتا دے گی۔" (سورۃ الزلزال)
یہ آیت پڑھتے ہی ایک لرزہ دل میں اترتا ہے۔کیسا ہو گا وہ منظر جب زمین چیخ چیخ کر کہے گی: "اے رب! یہ ہاتھ ظلم کرتے تھے!"
"یہ زبان جھوٹ بولتی تھی!"
"یہ آنکھیں حرام دیکھتی تھیں!"
"یہ پاؤں نافرمانی کی راہ پر چلتے تھے!"
اور آسمان جو سب دیکھتا رہا، لرز اُٹھے گا کیونکہ وہ جانتا ہے،اب حساب کا وقت آ چکا ہے،اس دن نہ زبانوں کو موقع ملے گا جھوٹ بولنے کا، نہ دلوں کو پردے ملیں گے، ہر عمل سامنے ہو گا۔ چھوٹا، بڑا، چھپا ہوا، یا ظاہر سب کچھ۔ یہ دنیا جہاں ہم آج "جو چاہو کر لو" کا نعرہ لگاتے ہیں، وہاں ہر قدم کا جواب ہو گا۔ یہ وہ دن ہو گا جب انسان کہے گا: "يَا لَيْتَنِي لَمْ أُوتَ كِتَابِيَهْ"
"کاش مجھے میرا نامۂ اعمال نہ دیا جاتا!" (سورۃ الحاقہ)
کیوں؟ کیونکہ وہ جانتا ہو گا، اب واپسی ممکن نہیں۔ آسمان اس دن گرے گا، تارے بجھ جائیں گے، سورج لپیٹ دیا جائے گا، پہاڑ روئی کی طرح اُڑیں گے، سمندر کھولیں گے اور انسان؟ وہ تھر تھر کانپے گا۔
لیکن اے دل سن!
اگر آج ہم زمین پر رب سے ڈریں، آج اپنی خطاؤں پر روئیں، آج گناہوں کو چھوڑ کر اُس کی طرف پلٹیں تو وہ رب ہے، جو معاف کرنے والا ہے، بخش دینے والا ہے۔ آج کا سجدہ کل کے خوف سے بچا سکتا ہے۔ زمین ایک دن بولے گی، اور آسمان لرزے گا۔
اگر دل آج لرز جائے، تو وہ دن آسان ہو سکتا ہے۔ اُس دن کی تیاری آج کے آنسوؤں میں ہے، آج کے سچ میں ہے، آج کی توبہ میں ہے۔ رب آج بھی منتظر ہے ۔۔۔۔واپس آ جاؤ، اس سے پہلے کہ زمین بول اٹھے اور آسمان لرز جائے۔


































