
عشاء بنت فاروق
ہر انسان عورت کے لیے لکھتا ہے۔ شاعری ہو یا نثر، کہانی ہو یا خط مرکز میں اکثر عورت ہی ہوتی ہے۔ میں نے خود بھی لکھا،
بارہا لکھا، شدت سے لکھا۔ کبھی ماں کے نام، کبھی بیٹی کے نام، کبھی عورت کے درد پر، اس کی قربانی پر، اس کی عظمت پر۔ یہ سب لکھنا غلط نہیں، عورت واقعی قابلِ احترام ہے مگر ایک دن اچانک ایک سوال دل میں اُبھرا کیا میں نے کبھی مرد کے لیے لکھا؟میں ٹھٹھک گئی۔ یاداشت کھنگالی، لفظوں کی فائلیں کھولیں، پرانی تحریریں پلٹیں مگر نہیں میں نے تو واقعی آج تک مرد کے لئے کچھ نہیں لکھا ۔
عجیب بات ہے، مرد ہر کہانی میں موجود ہوتا ہے مگر کبھی کہانی نہیں بنتا۔ وہ ہمیشہ ذمہ داری کی صورت میں نظر آتا ہے، کردار کی صورت میں نہیں۔
مرد کو ہم نے مضبوط مان لیا، اس لیے اس کی کمزوری دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔ مرد تو اعلیٰ ترین انسان ہے۔ اس لیے نہیں کہ وہ کسی سے بہتر ہے بلکہ اس لیے کہ وہ اپنی ذات کو پیچھے رکھ کر سب کو آگے رکھتا ہے۔
وہ اپنی خواہشوں کو مؤخر نہیں کرتا، وہ انہیں دفن کر دیتا ہے۔ وہ اپنے خوابوں پر مٹی ڈال کر دوسروں کے خوابوں کی حفاظت کرتا ہے۔مرد کو عزت دی جاتی ہے ،یہ سچ ہے مگر اکثر یہ عزت صرف لفظوں تک محدود رہتی ہے۔ حقیقت میں، مرد سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا انسان ہے۔ اس سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کبھی نہ ٹوٹے، کبھی نہ روئے، کبھی نہ ہارے۔
کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ مرد دن بھر کس جنگ سے گزر کر واپس آتا ہے۔ کس کس کو جواب دے کر، کن کن نظروں کے سامنے مضبوط بن کر، وہ شام کو گھر کی دہلیز پار کرتا ہے۔ کوئی نہیں دیکھتا کہ اس کے کندھوں پر صرف بیگ نہیں، پورے گھر کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔مرد کو سکھایا جاتا ہے کہ درد کو چھپانا ہی مردانگی ہے۔آنکھوں میں نمی آئے تو نظریں جھکا لو، دل بھاری ہو تو خاموشی اختیار کر لو کیونکہ مرد کا رونا معاشرے کو قبول نہیں۔ جو ہار کر بھی مسکراتا ہے، کیونکہ وہ سہ کر بھی قائم رہتا ہے۔ وہ ٹوٹ کر بھی بکھرتا نہیں۔ وہ اکیلا ہو کر بھی سب کے لیے مضبوط رہتا ہے۔
مرد بھی انسان ہی تو ہے، اس کا دل بھی دھڑکتا ہے، اس کی روح بھی زخمی ہوتی ہے، اس کے خواب بھی ہوتے ہیں۔فرق صرف یہ ہے کہ مرد اپنے خوابوں کو قربان کرنا سیکھ لیتا ہے اور اپنی تکلیف کو وقار کا نام دے دیتا ہے۔ یہ تحریر کسی مقابلے کے لیے نہیں، کسی کو کم ثابت کرنے کے لیے نہیں۔ یہ تحریر صرف اعتراف ہے ایک اعتراف کہ ہم نے مرد کو ہمیشہ مضبوط سمجھا مگر کبھی محسوس نہیں کیا۔ ہم نے اس سے توقع کی کہ وہ سب سنبھال لے مگر کبھی یہ نہیں پوچھا کہ کیا وہ خود سنبھلا ہوا ہے؟
آج میں مرد کے لیے لکھ رہی ہوں۔ اس مرد کے لیے جو خاموشی سے بل ادا کرتا ہے، ذمہ داریاں نبھاتا ہے اور پھر بھی شکر ادا کرتا ہے۔ اس مرد کے لیے جو اپنی ماں کے سامنے بچہ بن جاتا ہے مگر دنیا کے سامنے فولاد۔ اس مرد کے لیے جو ہارا ہوا بھی کھڑا رہتا ہے کیونکہ اس کے پیچھے لوگ کھڑے ہوتے ہیں۔
مرد کو عزت دی جاتی ہے ہاں، دی جانی چاہیے مگر عزت صرف لقب نہیں، احساس بھی ہے۔ اس کے وجود کو ماننا، اس کے درد کو سمجھنا اور اس کی خاموشی کو پڑھنا ہی اصل عزت ہے۔ یہ تحریر ایک وعدہ ہے،وعدہ کہ اب مرد کو بھی لفظ ملیں گے۔ اب اس کی خاموشی بھی سنی جائے گی کیونکہ مرد صرف مضبوط نہیں وہ اعلیٰ ترین انسان ہے،اس لیے کہ وہ سب کچھ سہ کر بھی قائم رہتا ہے۔


































