
محمد ارسلان مجددی
آج کل جب میں اپنے ارد گرد دیکھتا ہوں، تو مجھے وہ پرانے دن یاد آتے ہیں، جب شام ڈھلے محلے کے لڑکے بالے میدانوں میں پسینہ بہاتے نظر آتے تھے یا
کسی تھڑے پر بیٹھ کر قہقہے لگاتے تھے۔ آج وہ رونقیں غائب ہو چکی ہیں۔ اب شام ہوتی ہے تو ہر ہاتھ میں ایک موبائل فون روشن ہوتا ہے اور اس کی نیلی روشنی میں بجھے ہوئے چہرے نظر آتے ہیں۔ ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی نوجوان نسل کو ایک ایسی اندھی کھائی میں دھکیل دیا ہے جہاں سے واپسی کا راستہ دھندلا چکا ہے۔ ہم جسے ترقی کہہ رہے ہیں، وہ دراصل ایک ذہنی خودکشی ہے جس کا ادراک ہمیں ابھی نہیں شاید بعد میں ہوگا جب بہت دیر ہو چکی ہو گی ۔
پاکستانی نوجوان آج جس تیزی سے نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہو رہا ہے، اس کی ایک بڑی وجہ وہ "مصنوعی زندگی" ہے جو اسے دن رات سکرین پر دکھائی دیتی ہے۔ ہم نے ایک ایسا معاشرہ ترتیب دے دیا ہے جہاں انسان کی اوقات اس کے برانڈڈ کپڑوں، مہنگے فون اور گاڑی سے ناپی جاتی ہے۔ ایک متوسط طبقے کا نوجوان جب صبح سے شام تک انٹرنیٹ پر امیر زادوں کی نمود و نمائش دیکھتا ہے، تو اس کے اندر ایک عجیب سی محرومی جنم لیتی ہے۔ وہ اپنی حقیقت سے نفرت کرنے لگتا ہے۔ اسے اپنا گھر چھوٹا، اپنے والدین کے وسائل کم اور اپنی محنت بے کار لگنے لگتی ہے۔ یہ موازنہ وہ دیمک ہے جو ہماری نسل کے اعتماد کو چاٹ رہی ہے۔
پھر ہمارے ہاں کا تعلیمی اور معاشی ڈھانچہ کسی جلاد سے کم نہیں ۔ ڈگری ہاتھ میں آتے ہی نوجوان کے سر پر "سیٹل" ہونے کا بھوت سوار کر دیا جاتا ہے۔ یہاں کامیابی کا مطلب صرف پیسہ کمانا رہ گیا ہے،اگر کوئی نوجوان آرٹسٹ بننا چاہے، لکھاری بننا چاہے یا محض اپنی پسند کا کوئی چھوٹا موٹا کام کرنا چاہے، تو پورا خاندان اسے شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ "لوگ کیا کہیں گے" کا یہ جملہ پاکستان میں جتنے خواب قتل کر چکا ہے، اتنے تو شاید کسی جنگ میں بھی نہیں ہوئے ہوں گے۔ جب ایک جوان ذہن پر ہر طرف سے دباؤ پڑتا ہے گھر والوں کی امیدیں، معاشرے کے طعنے اور مہنگائی کا بوجھ تو وہ ٹوٹ جاتا ہے۔ وہ انزائٹی کی گولیوں میں سکون ڈھونڈتا ہے یا پھر خاموشی کی چادر اوڑھ کر خود کو کمرے میں بند کر لیتا ہے۔ سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ ہم نے رشتوں میں وہ گرمجوشی کھو دی ہے جو کبھی مرہم کا کام کرتی تھی۔ اب ایک ہی گھر میں چار لوگ بیٹھے ہوتے ہیں مگر سب کے ذہن الگ الگ ایپس میں گم ہوتے ہیں۔ ماں باپ کو خبر نہیں کہ بیٹے کے دل پر کیا گزر رہی ہے اور بھائی کو علم نہیں کہ بہن کس کرب سے گزر رہی ہے۔ ہم نے دکھ بانٹنا چھوڑ دیا ہے اور اس کی جگہ "اسٹیٹس" لگانا شروع کر دیا ہے۔ جب انسان اپنی اداسی کسی انسان کو سنانے کے بجائے فیس بک یا انسٹاگرام کی دیوار پر لکھتا ہے، تو اسے ہمدردی نہیں بلکہ صرف چند "لائکس" ملتے ہیں اور یہ تنہائی کا احساس اسے مزید گہرا کر دیتا ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو بتائیں کہ زندگی کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ہر کسی کا امتحان الگ ہے اور ہر کسی کی منزل جدا۔ ہمیں ان کے ذہنوں سے یہ خوف نکالنا ہوگا کہ اگر وہ امیر نہ بن سکے تو وہ ناکام ہیں۔ ہمیں انہیں دوبارہ مٹی سے، کتاب سے اور حقیقی انسانوں سے جوڑنا ہوگا۔ ورنہ یاد رکھیے، یہ جو ذہنی مریضوں کی ایک فوج تیار ہو رہی ہے، یہ کسی بھی بڑے بحران سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگی۔ ہمیں اپنے بچوں کو "کمانے والی مشین" سمجھنے کے بجائے "انسان" سمجھنا ہوگا ,جنہیں تھکنے کا، رونے کا اور آرام کرنے کا پورا حق ہے۔



































