
سعدیہ عارف
انسانی زندگی کا حسن رشتوں سے ہے۔ یہی رشتے ہمیں پہچان دیتے ہیں، سہارا بنتے ہیں اور زندگی کے
نشیب و فراز میں ہمارے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ رشتوں کا احترام نہ صرف ایک اخلاقی ف یضہ ہے بلکہ ایک مہذب اور خوشحال معاشرے کی بنیاد بھی ہے۔
رشتے چاہے والدین کے ہوں، بہن بھائیوں کے، دوستوں کے یا اساتذہ کے ،ہر رشتہ اپنی ایک اہمیت اور تقدس رکھتا ہے۔ والدین کا مقام سب سے بلند ہے جن کی محبت اور قربانیاں بے مثال ہوتی ہیں۔ اسی طرح بہن بھائی زندگی کے سچے ساتھی ہوتے ہیں اور دوست دکھ سکھ کے ہمراز بنتے ہیں۔
ان تمام رشتوں میں عزت، خلوص اور اعتماد کا ہونا نہایت ضروری ہے۔
آج کے مصروف دور میں اکثر ہم اپنے قریبی رشتوں کو وقت دینا بھول جاتے ہیں جس کی وجہ سے فاصلے بڑھنے لگتے ہیں۔ ایک چھوٹی سی توجہ، محبت بھرا لہجہ اور ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھنا رشتوں کو مضبوط بناتا ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے رویّے اور الفاظ سے دوسروں کے دلوں کو نہ دکھائیں بلکہ محبت اور احترام کے ساتھ پیش آئیں۔
رشتوں کا احترام دراصل انسانیت کا احترام ہے۔ جب ہم اپنے رشتوں کو اہمیت دیتے ہیں تو معاشرے میں محبت، بھائی چارہ اور ہم آہنگی فروغ پاتی ہے۔ ایک مضبوط معاشرہ انہی مضبوط رشتوں کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے۔آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ رشتوں کی قدر کرنا اور ان کا احترام کرنا ہی کامیاب اور پُرسکون زندگی کا راز ہے۔



































