
سعدیہ عارف
موجودہ دور کو اگر سوشل میڈیا کا دور کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں
معلومات کا تبادلہ چند لمحوں میں ممکن ہو چکا ہے۔ اس بدلتی ہوئی دنیا میں نوجوان نسل سب سے زیادہ سوشل میڈیا کے زیرِ اثر ہے، جو ان کی سوچ، رویوں اور طرزِ زندگی کو تشکیل دے رہا ہے۔
سوشل میڈیا نوجوانوں کے لیے ایک اہم ذریعۂ معلومات اور اظہار بن چکا ہے۔ اس کے ذریعے وہ نہ صرف دنیا بھر کی خبروں اور معلومات سے باخبر رہتے ہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ بہت سے نوجوان اس پلیٹ فارم کو تعلیمی مقاصد، آن لائن کاروبار اور مثبت سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں جو یقیناً ایک خوش آئند پہلو ہے۔
سوشل میڈیا کے منفی اثرات بھی کم نہیں، سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال نوجوانوں کو حقیقت سے دور کر رہا ہے۔ قیمتی وقت کا ضیاع، تعلیمی کارکردگی میں کمی اور دوسروں کی مصنوعی خوشیوں کو دیکھ کر احساسِ کمتری جیسے مسائل عام ہوتے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ، ذہنی دباؤ اور بے چینی میں اضافہ بھی ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے جو نوجوانوں کی شخصیت کو متاثر کر رہا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں اعتدال کو اختیار کیا جائے۔ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور انہیں اس کے مثبت استعمال کی طرف راغب کریں۔ نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے قیمتی وقت کو ضائع کرنے کے بجائے اسے اپنی تعلیم، مہارتوں اور شخصیت کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔
آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ سوشل میڈیا ایک دو دھاری تلوار کی مانند ہے، اگر اسے سمجھداری سے استعمال کیا جائے تو یہ ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے، ورنہ یہ نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اس طاقتور ذریعہ کو اپنی بہتری اور کامیابی کے لیے استعمال کریں۔



































