
سعدیہ عارف
آج کا دور نفسانفسی کا دور کہلاتا ہے، جہاں ہر شخص اپنی ذات، اپنے مفادات اور اپنی کامیابیوں میں مگن نظر آتا ہے۔ اس تیز رفتار زندگی میں دوسروں کے
لیے وقت نکالنا، ان کے جذبات کو سمجھنا اور ان کے لیے دل سے احساس رکھنا ایک بہت بڑی بات بن چکی ہے۔ ایسے ماحول میں اگر کوئی کسی کے لیے سچے دل سے خوش ہو، اس کے دکھ کو اپنا سمجھے اور اس کی کامیابی پر حقیقی مسرت محسوس کرے، تو یہ ایک نایاب اور قیمتی خوبی ہے۔
بدقسمتی سے آج کل اکثر لوگوں کے احساسات بناوٹی ہو گئے ہیں، وہ بظاہر تو خوشی کا اظہار کرتے ہیں لیکن دل میں حسد، مقابلہ بازی یا بےحسی چھپی ہوتی ہے۔ ایسے احساسات نہ صرف رشتوں کو کمزور کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں بےاعتمادی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔سچا احساس وہ ہوتا ہے جو دل کی گہرائیوں سے نکلے،جب کوئی شخص بغیر کسی لالچ، دکھاوے یا مفاد کے دوسرے کے لیے خوشی محسوس کرےتو وہ احساس نہ صرف دلوں کو جوڑتا ہے بلکہ انسانیت کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ سچا احساس رکھنے والے لوگ معاشرے میں محبت، خلوص اور ہمدردی کو فروغ دیتے ہیں۔
یہ بھی ضروری ہے کہ ہم صرف دکھ میں ہی نہیں بلکہ دوسروں کی خوشیوں میں بھی شریک ہوںاور وہ بھی دل سے۔ کسی کی کامیابی پر حسد کرنے کے بجائے اس کے لیے دعا کرنا اور اس کی خوشی میں خوش ہونا ایک عظیم صفت ہے جو ہر کسی میں نہیں ہوتی۔آج ہمیں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ ہم اپنے اندر سچائی اور خلوص پیدا کریں، اپنے دل کو صاف رکھیں اور دوسروں کے لیے نیک جذبات پیدا کریں کیونکہ یہی وہ چیز ہے جو ہمیں ایک بہتر انسان اور ایک مضبوط معاشرے کا حصہ بناتی ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ نفسانفسی کے اس دور میں اگر کوئی شخص سچے دل سے کسی کے لیے احساس رکھتا ہے اور اس کی خوشی میں حقیقی طور پر خوش ہوتا ہے تو وہ یقیناً ایک قیمتی انسان ہے، جو اس دنیا کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔



































