
سعدیہ عارف
عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی اور انسانیت کا درس دیتی ہےمگر اس خوشی کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھنا بھی ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ قربانی کے بعد
جانوروں کی آلائشیں اگر سڑکوں، گلیوں اور خالی جگہوں پر پھینک دی جائیں تو اس سے شدید تعفن پھیلتا ہے اور مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ گندگی کی وجہ سے نہ صرف ماحول آلودہ ہوتا ہے بلکہ مچھروں، مکھیوں اور جراثیم کی افزائش بھی بڑھ جاتی ہےجو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ایک مہذب اور ذمہ دار معاشرے کی پہچان صفائی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ قربانی کی آلائشوں کو مقررہ جگہوں پر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں اور صفائی کے عمل میں انتظامیہ سے تعاون کریں، اگر ہر شہری اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے تو ہمارے شہر، گلیاں اور محلّے صاف ستھرے اور بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
اسلام بھی ہمیں پاکیزگی اور صفائی کا درس دیتا ہے،لہٰذا قربانی کے ساتھ ساتھ صفائی کا اہتمام کرنا بھی ہماری دینی اور سماجی ذمہ داری ہے تاکہ بدبو، آلودگی اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور ہر طرف صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول قائم رہے۔



































