
سعدیہ / کراچی
ایک لمحے کی پوسٹ، برسوں کی عزت پر بھاری پڑ سکتی ہے۔۔۔۔
آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے۔ فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز نے جہاں دنیا کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ہے، وہیں ہماری نجی زندگی کو
بھی سب کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ پہلے گھر کے مسائل چار دیواری تک محدود رہتے تھے مگر آج ایک غصے میں لکھا گیا جملہ، ایک تصویر، ایک وائس میسج یا ایک ویڈیو چند لمحوں میں سینکڑوں لوگوں تک پہنچ جاتی ہے۔
ذرا سوچیے! جو بات کبھی چند لوگوں تک محدود رہتی تھی، اسے ہم خود پوری دنیا کے سامنے کیوں لے کر جا رہے ہیں؟
میاں بیوی میں اختلاف ہو، ساس بہو کا مسئلہ ہو، بہن بھائیوں میں ناراضی ہو، سسرال سے شکایت ہو یا خاندان میں کوئی رنجش—آج بعض لوگ فوراً سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہیں۔ کسی کے خلاف اشاروں کنایوں میں پوسٹ، اسکرین شاٹ، طنزیہ اسٹیٹس یا جذباتی ویڈیو لگا دی جاتی ہے۔ نام نہیں لکھا جاتا، مگر اتنا ضرور لکھ دیا جاتا ہے کہ جاننے والے سمجھ جائیں کہ بات کس کے بارے میں ہے۔
یہ رویہ صرف ایک شخص کو نہیں، پورے خاندان کو متاثر کرتا ہے۔
ہر دکھ سوشل میڈیا پر بتانا ضروری نہیں
زندگی میں ہر انسان کے کچھ دکھ، کچھ راز اور کچھ ایسے معاملات ہوتے ہیں جنہیں پردے میں رکھنا ہی عزت اور دانائی ہے۔ ہر تکلیف کو عوامی بحث بنا دینا مسئلے کا حل نہیں۔کبھی ہم غصے میں ایسی بات لکھ دیتے ہیں جسے چند گھنٹوں بعد خود ہی مٹانا چاہتے ہیں، لیکن تب تک لوگ اس کا اسکرین شاٹ لے چکے ہوتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر لکھی ہوئی بات صرف ایک پوسٹ نہیں رہتی، بلکہ وہ آگے شیئر ہوتی ہے، محفوظ ہوتی ہے اور کبھی کبھی برسوں بعد بھی دوبارہ سامنے آ سکتی ہے۔
اس لیے غصے میں انگلیاں چلانے سے پہلے دل کو روکیں۔بچوں اور خواتین کی عزت کا خیال بھی ہماری ذمہ داری ہے.آج کل ایک اور خطرناک رجحان یہ ہے کہ گھریلو جھگڑوں میں بچوں کی تصاویر، ویڈیوز یا ذاتی معاملات بھی سوشل میڈیا پر ڈال دیے جاتے ہیں۔ بعض اوقات خواتین اپنے گھریلو مسائل بیان کرتے ہوئے ایسی تصاویر یا تفصیلات شیئر کر دیتی ہیں جو بعد میں ان کے لیے شرمندگی یا پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔
یاد رکھیں! آپ کی ناراضی ختم ہو سکتی ہے، مگر انٹرنیٹ پر پھیلنے والی چیز ہمیشہ آپ کے اختیار میں نہیں رہتی۔اپنے بچوں، بہنوں، بیٹیوں اور گھر کے دیگر افراد کی عزت و رازداری کی حفاظت کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔رشتے توڑنا آسان، نبھانا مشکل ہے۔آج معمولی اختلاف پر رشتے ختم کرنے، ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے اور سوشل میڈیا پر شکایات لگانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ کبھی ایک غلط فہمی برسوں کے تعلق کو نقصان پہنچا دیتی ہے۔
اگر گھر میں کوئی مسئلہ ہے تو پہلے آمنے سامنے بیٹھ کر بات کریں۔ اگر مسئلہ بڑا ہے تو کسی سمجھدار اور قابلِ اعتماد بزرگ یا خیرخواہ کو درمیان میں لائیں۔ ہر مسئلے کا حل عوامی اعلان نہیں ہوتا۔کسی کی غلطی کو دنیا کے سامنے بیان کرنے کے بجائے اگر ہم تنہائی میں اسے سمجھا دیں تو شاید ایک گھر بھی بچ جائے اور ایک رشتہ بھی۔
دوسروں کی نجی زندگی کو تماشا نہ بنائیں
صرف اپنی ہی نہیں، دوسروں کی عزت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ کسی کی ذاتی تصویر، ویڈیو، چیٹ، آڈیو یا گھریلو مسئلہ اجازت کے بغیر آگے بھیجنا اخلاقاً بھی غلط ہے اور بعض صورتوں میں قانونی مشکلات بھی پیدا کر سکتا ہے۔ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ"اگر یہی چیز میرے گھر کی ہوتی تو کیا میں اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا پسند کرتا؟"۔اگر جواب نہیں ہے تو پھر دوسروں کی زندگی کو بھی تماشا نہ بنائیں۔
سوشل میڈیا پر خاموشی بھی ایک خوبی ہے۔ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں۔ ہر الزام کا وضاحتی اسٹیٹس لگانا ضروری نہیں۔ ہر اختلاف کو ثابت کرنے کے لیے پوسٹ کرنا ضروری نہیں۔کبھی کبھی خاموشی انسان کی کمزوری نہیں بلکہ اس کی عظمت، تربیت اور سمجھ داری ہوتی ہے۔
اپنی عزت کو دوسروں کے تبصروں کے حوالے نہ کریں۔ جو لوگ آج آپ کی پوسٹ پر تالیاں بجا رہے ہیں، ضروری نہیں کہ کل آپ کے ساتھ کھڑے ہوں۔ مگر آپ کے الفاظ اور آپ کے گھر کی باتیں آپ کے خاندان کے ساتھ رہیں گی۔
آخر میں ایک سوال
ہم اپنے گھروں کے دروازے بند کرکے اپنے خاندان کی حفاظت کرتے ہیں، مگر کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہم خود اپنے گھر کی چار دیواری دنیا کے سامنے تو نہیں کھول رہے؟گھر کی عزت، رشتوں کا احترام اور ذاتی زندگی کی رازداری کسی بھی لائک، ویو یا کمنٹ سے زیادہ قیمتی ہے۔اس لیے اگلی بار جب غصے میں کوئی پوسٹ لکھنے لگیں، کسی کی تصویر شیئر کرنے لگیں یا گھر کا کوئی راز دنیا کو بتانے کا ارادہ کریں تو صرف ایک لمحے کے لیے رک جائیں اور خود سے پوچھیں۔۔۔
"کیا یہ بات واقعی دنیا کو بتانا ضروری ہے؟"
اگر جواب نہیں ہے تو موبائل ایک طرف رکھ دیں۔
کیونکہ سوشل میڈیا پر ایک لمحے کی جذباتی حرکت، کبھی کبھی پورے خاندان کی برسوں کی عزت پر بھاری پڑ سکتی ہے۔اپنے گھر کے مسئلے گھر میں حل کریں،اپنی عزت کو سوشل میڈیا کی نذر نہ کریں۔



































