
ارم کاشف
جب ایک حکمران یہ سمجھنے لگے کہ ماہانہ 8,500 روپے کمانےوالا شخص غریب نہیں تو مسئلہ صرف ایک بیان کا نہیں رہتا بلکہ یہ اس فاصلے کی علامت
بن جاتا ہے جو اقتدار کے ایوانوں اور عوام کی زندگیوں کے درمیان پیدا ہو چکا ہے۔
کیا وزیراعظم اور ان کے مشیر کبھی اس رقم کے ساتھ ایک ماہ گزارنے کا تصور کر سکتے ہیں؟ کیا 8,500 روپے میں ایک خاندان کا راشن، بچوں کی تعلیم، بجلی کے بل، ادویات اور سفری اخراجات پورے ہو سکتے ہیں؟ اگر نہیں، تو پھر ایسی تعریفیں کس حقیقت کی نمائندگی کرتی ہیں؟
عوام سے کفایت شعاری کا مطالبہ کرنے والی حکومت کو سب سے پہلے اپنی شاہ خرچیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ وزراء، مشیروں اور اعلیٰ عہدیداروں کی مراعات، سرکاری پروٹوکول، قافلوں کے اخراجات اور سرکاری وسائل کے استعمال پر سوال اٹھانا ہر شہری کا حق ہےکیونکہ قربانی کا درس ہمیشہ کمزور طبقے کو دینا اور خود مراعات سے لطف اندوز ہونا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
پاکستان کا مزدور، ریڑھی بان، دیہاڑی دار اور کم تنخواہ والا ملازم پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ ایسے میں اگر غربت کی لکیر کو اتنا نیچے کر دیا جائے کہ غریب، سرکاری کاغذوں میں غریب ہی نہ رہے تو یہ غربت کا خاتمہ نہیں بلکہ غربت کو اعداد و شمار میں چھپانے کی کوشش محسوس ہوتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف صاحب کو شاید یاد رکھنا چاہیے کہ حکمرانی صرف معاشی اشاریوں اور رپورٹس کا نام نہیں۔ حکمرانی اس احساس کا نام ہے کہ ملک کا عام شہری کس اذیت سے گزر رہا ہے۔ ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر بنائی گئی پالیسیاں تب تک ادھوری رہتی ہیں جب تک ان میں چولہے کی ٹھنڈی آگ، ادھورے علاج اور بچوں کی فیس کی فکر شامل نہ ہو۔
تاریخ حکمرانوں کو ان کے دعوؤں سے نہیں بلکہ عوام کی زندگی میں آنے والی آسانیوں سے یاد رکھتی ہے۔ اگر ایک باعزت زندگی کے لیے درکار وسائل کو نظر انداز کر کے غربت کی نئی تعریفیں تراشی جائیں گی، تو عوام سوال ضرور کریں گے کہ آخر حکمران کس پاکستان میں رہتے ہیں اور عوام کس پاکستان میں؟
غریبوں کی تعداد کم دکھا دینے سے غربت کم نہیں ہوتی۔ غربت تب کم ہوتی ہے جب ایک مزدور اپنے بچوں کا پیٹ بھر سکے، ایک ماں علاج کروا سکے اور ایک باپ مہینے کے اختتام پر قرض لینے پر مجبور نہ ہو۔
حکومت اگر واقعی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، تو اسےاعداد و شمار کی نہیں، عوام کی دھڑکن سننے کی ضرورت ہے۔
نوٹ : ایڈیٹرکا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































