
ارم کاشف
چائے کا کپ میز پر رکھتے ہوئے عمر نے کہا، ابا! یہ زمین بیچ دینی چاہیے۔ شہر میں فلیٹ خرید لیں
گے، بچوں کے سکول بھی قریب ہو جائیں گے۔
اشفاق صاحب نے چشمہ اتار کر آہستہ سے میز پر رکھا۔ یہ زمین تمہارے دادا نے اپنی جوانی کی کمائی سے لی تھی عمر۔ اس میں ہماری جڑیں ہیں۔
جڑیں کھیتوں میں نہیں، دلوں میں ہوتی ہیں ابا۔ عمر نے جواب دیا۔ آپ کب تک اس مٹی سے چمٹے رہیں گے؟ زمانہ بدل گیا۔
کمرے میں کچھ دیر خاموشی چھائی رہی۔ اشفاق صاحب کھڑکی کی طرف دیکھنے لگے جہاں سے دور کھیتوں کی ہری چادر نظر آتی تھی۔تمہیں یاد ہے، انہوں نے کہا، جب تم چھوٹے تھے تو اسی زمین پر پتنگ اڑایا کرتے تھے؟
یاد ہے ابا: مگر اب پتنگ اڑانے سے گھر نہیں چلتا۔عمر کی آواز میں ہلکی سی جھنجھلاہٹ تھی۔ میں آپ کو غلط نہیں کہہ رہا، بس میری رائے مختلف ہے۔اشفاق صاحب کے چہرے پر ایک عجیب سی مسکراہٹ آئی۔تم غلط ہو، ایسا میں نے کب کہا؟ تو پھر بات کیوں نہیں مانتے؟ کیونکہ رائے مختلف ہونا اور بات نہ ماننا، دو الگ چیزیں ہیں بیٹا۔
عمر کچھ دیر خاموش رہا، پھر اٹھ کر باہر چلا گیا۔ اگلے کئی دن گھر میں یہی موضوع رہا۔ کبھی ماں بیچ میں پڑتیں، کبھی چھوٹی بہن سائرہ اپنی رائے دیتی مگر باپ بیٹے کے درمیان بات آگے نہ بڑھتی۔ایک شام اشفاق صاحب اکیلے کھیت کی مینڈ پر بیٹھے تھے۔ عمر ان کے پیچھے آیا اور خاموشی سے ساتھ بیٹھ گیا۔" ابا! میں آپ سے ناراض نہیں۔
مجھے پتا ہے۔بس... مجھے لگتا ہے آپ میری بات کو سمجھتے نہیں۔اشفاق صاحب نے لمبی سانس لی سمجھتا ہوں عمر۔ تمہاری فکر بچوں کی ہے، مستقبل کی ہے۔ یہ غلط سوچ نہیں۔ مگر میری فکر اس مٹی کی ہے جس نے تمہیں پالا۔ دونوں باتیں اپنی جگہ صحیح ہیں۔تو پھر فیصلہ کیسے ہو؟ عمر نے پوچھا۔فیصلہ اس بات سے نہیں ہوتا کہ کون زیادہ زور سے بولتا ہے۔ اشفاق صاحب نے بیٹے کی طرف دیکھا۔ بیٹھ کر بات کرنی ہوتی ہے، سننا ہوتا ہے۔ میں نے کبھی تمہاری بات سننے سے انکار نہیں کیا، ہاں یہ ضرور چاہتا ہوں کہ فیصلہ جلدی میں نہ ہو۔
عمر کچھ دیر چپ رہا، پھر بولا، اگر ہم آدھی زمین رکھ لیں، آدھی بیچ دیں؟اشفاق صاحب مسکرائے۔ یہ بات پہلے کیوں نہیں کی؟آپ سن کہاں رہے تھے ابا۔ عمر نے شرارت سے کہا۔اور تم کہاں سن رہے تھے؟ باپ نے ہنس کر جواب دیا۔دونوں ہنس پڑے۔ کھیت کی مینڈ پر بیٹھے دو نسلیں، دو سوچیں، مگر ایک ہی خون۔ رائے اب بھی مختلف تھی، مگر درمیان کا راستہ نکل آیا تھا۔سائرہ دور سے یہ منظر دیکھ رہی تھی۔ اس نے ماں سے کہا، امی لڑائی ختم ہو گئی؟
ماں نے مسکرا کر جواب دیا، لڑائی تو تھی ہی نہیں بیٹا، بس دو رائے تھیں۔ لڑائی تب ہوتی ہے جب سننا بند کر دیا جائے۔سائرہ نے حیرت سے پوچھا، تو پھر ابا اور بھائی جان اتنے دن خاموش کیوں رہے؟کیونکہ کبھی کبھی خاموشی بھی سننے کا حصہ ہوتی ہے۔ انسان اپنی بات پر ڈٹا رہتا ہے، مگر دل میں دوسرے کی بات بھی چلتی رہتی ہے۔ وقت آنے پر وہی بات باہر نکل آتی ہے۔
شام ڈھل چکی تھی۔ باپ بیٹا اب بھی مینڈ پر بیٹھے زمین کے بٹوارے پر بات کر رہے تھے، مگر اس بار لہجے میں تلخی نہ تھی۔ نہ کوئی جیتا تھا، نہ کوئی ہارا۔ بس دو رائے تھیں جو ایک دوسرے کے قریب آ گئی تھیں، بغیر کسی کے دبے۔اور شاید یہی وہ سبق تھا جو اس شام کھیت کی مٹی نے دونوں کو سکھایا۔


































