
ارم کاشف
میرا وطن ہے میری جنت، میرا وطن ہے میرا ایمان
اسی زمین پہ جینا مرنا، اسی زمین پہ قربان
چودہ اگست ۲۰۲۵ میرے لیے ایک یادگار دن تھا۔ ان دنوں میں اپنی بہن کے گھر سکرنڈ میں گئی ہوئی تھی۔ میرے بہنوئی موٹروے پولیس میں ایس پی ہیں، اور ان کی رہائش دفتر سے ملحقہ عمارت میں ہے، اس لیے ہمیں یومِ آزادی کی تقریب قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
صبح سویرے ہی گھر میں چہل پہل شروع ہو گئی۔ بہنوئی وردی پہن کر تیار ہوئے۔ میرے تینوں بچوں اور بہن کے تینوں بچوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ موٹروے پولیس کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ قومی ترانہ بجا، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند ہوا اور ہر طرف "پاکستان زندہ باد" کے نعرے گونجنے لگے۔ اختتام پر کیک کاٹا گیا اور یادگار تصاویر بنائی گئیں۔
اس کے بعد بچے گھر واپس آگئے جبکہ بہنوئی اپنے قافلے کے ساتھ موٹروے پر مختلف مقامات کی تقریبات میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں انہوں نے مسافروں میں قومی پرچم تقسیم کیے اور ان کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں بانٹیں۔ہم دونوں بہنوں نے سبز و سفید کپڑے پہنے۔ بچوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے، سبز بینڈ باندھے اور جوش و خروش سے یومِ آزادی کا جشن منایا۔ ان کے چہروں پر خوشی اور وطن سے محبت نظر آ رہی تھی۔
دوپہر کے بعد ہم سب سیر کے لیے پائی فاریسٹ گئے۔ سرسبز درختوں، کھلی فضا اور ٹھنڈی ہوا نے دن کو اور خوشگوار بنا دیا۔ بچوں نے خوب کھیل کود کی، تصاویر بنوائیں اور سب نے مل کر اس دن کو یادگار بنا لیا۔
اس دن مجھے احساس ہوا کہ آزادی صرف جشن کا نام نہیں بلکہ ان بے شمار قربانیوں کی یاد بھی ہے جن کی بدولت ہمیں یہ وطن ملا۔ میں نے دل سے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پاکستان کو ہمیشہ محفوظ اور ترقی یافتہ رکھے اور ہمیں ایسا شہری بننے کی توفیق دے جو اپنے وطن کے لیے کردار ادا کرے۔
رہے آزاد یہ وطن ہمارا، ملے اسے ہمیشہ عروج و شان
اسی زمیں پہ لکھنی ہے ہمیں، ایک نئی تاریخ کی داستان
پاکستان زندہ باد



































