
ارم کاشف
کھڑکی کے ساتھ لٹکا پنجرہ ہر صبح سورج کی پہلی کرن کا استقبال کرتا مگر اس کے اندر بیٹھا پرندہ ہر شام ایک نئے دکھ کے ساتھ رات کا انتظار کرتا۔ اس کے پر سلامت تھے
مگر اڑنے کی اجازت نہیں تھی۔ وہ روز آسمان کو دیکھتا، بادلوں کے بدلتے رنگ گنتا اور خاموشی سے اپنی خواہشیں نگل لیتا۔ گھر والے اسے دانہ ڈالتے پانی دیتے اور کہتے کتنا خوش قسمت ہے یہ پرندہ، نہ دھوپ کی فکر نہ بھوک کا ڈر مگر کسی کو خبر نہ تھی کہ سلاخوں کے پیچھے ایک دل ہر روز تھوڑا سا اور بجھتا جا رہا ہے۔
ایک دن کھڑکی کے قریب میز پر رکھا قلم ہوا کے جھونکے سے لڑھک کر پنجرے کے پاس آ گرا۔ پرندہ دیر تک اسے دیکھتا رہا جیسے کسی اجنبی مہمان سے ملاقات ہو رہی ہو۔ اسے یوں محسوس ہوا جیسے قلم اس سے کہہ رہا ہو پروں سے پہلے سوچ کو آزاد کرو۔
اسی لمحے پرندے نے چہچہانا شروع کیا مگر آج اس کی آواز میں صرف سُر نہیں تھے، ایک پیغام بھی تھا، ایسا پیغام جو الفاظ کے بغیر بھی دل تک اترتا تھا۔ اس کی صدائیں سن کر گھر کا ایک چھوٹا بچہ روز پنجرے کے پاس بیٹھنے لگا۔ وہ اسکول سے آتا بستہ ایک طرف رکھتا اور گھنٹوں پرندے کی آواز سنتا رہتا۔ آہستہ آہستہ اس نے اپنی ڈائری میں وہی احساسات اتارنے شروع کر دیے، آزادی، امید اور ایک ایسی خاموش تڑپ جسے وہ خود بھی پوری طرح سمجھ نہ پاتا تھا۔
وقت گزرتا گیا۔ بچے کی معصوم مگر گہری تحریریں گھر والوں اور پھر آس پاس کے لوگوں کے دلوں تک پہنچنے لگیں۔ لوگ حیران ہوتے کہ اتنے چھوٹے بچے کے الفاظ میں اتنی گہرائی کہاں سے آئی۔ کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ الفاظ دراصل ایک قید پرندے کے دل کی آواز تھے جو قلم کے راستے انسانی روح تک سفر کر رہے تھے۔
ایک دن بچے نے اپنی ڈائری کے پہلے صفحے پر لکھا" جو آواز قید ہو جائے، اسے قلم آزاد کر دیتا ہے"
یہ جملہ لکھتے ہی اس کے ہاتھ خود بخود پنجرے کی طرف بڑھے اور اس نے دروازہ کھول دیا۔ پرندہ ایک لمحے کو ٹھٹکا پھر آسمان کی وسعتوں میں اڑ گیا۔ قلم میز پر خاموش پڑا مسکرا رہا تھا کیونکہ وہ جانتا تھا کہ اس نے صرف ایک پرندہ نہیں، ایک سوچ آزاد کی ہے۔
قلم کی طاقت پنجرے نہیں توڑتی بلکہ وہ ذہن آزاد کرتی ہے جو ہر قید کو بے معنی بنا دیتے ہیں۔



































