
طاہرہ فرحان
کپڑے الگنی پر ڈالتے ہوئے ایک آواز آئی بے ساختہ اس نے نظر اٹھا کر دیکھا اور انا للہ پڑھ لی۔ دکھ سکھ کے کئی موسموں میں اس کا ساتھ نبھانے والا آج داغ مفارقت دے گیا تھا
مگر اس کی جدائی پر آنسو بہانے کا نہ وقت تھا اس کے پاس نہ موقع۔سو سر جھٹکتی وہ باورچی خانے کی جانب چل دی جہاں بچوں کے آنے سے قبل کھانے کی تیاری مکمل کرنا تھی۔
تمام دن کی شدید مصروفیت کے بعد رات کو کپڑے تبدیل کرنے کے لیے جون ہی اس نے الماری کھولی اس کی یاد پھر سے دل کو بے چین کر گئی۔ اسے یاد آرہا تھا، وہ دن جب وہ اس کی زندگی میں شامل ہوا تھا۔ کیسے اس کا چہرہ اسے پانے کے بعد خوشی سے جگمگا اٹھا تھا۔ اس کی سنگت میں کتنی ہی محفلوں میں اس نے ستائشی نظریں وصول کی تھیں اور پھر کچھ عرصہ گزرنے کے بعد تو وہ اس کا مزاج آشنا ہو گیا تھا گویا۔۔۔
چلچلاتی دھوپ ہو یا حبس بھری راتیں، اس نے اسے سکون ہی دیا تھا مگر آج۔۔۔
" آہ! شاید مجھ سے ہی اس کے بارے میں کوئی کوتاہی ہوئی ہے ۔ جو وہ یوں روٹھ گیا ۔" اس نے خود کو ہی مورد الزام ٹھہرایا ۔ان ہی سوچوں میں الماری سے کپڑے نکال کر وہ پلٹی تو میاں صاحب نے اس کا چہرہ دیکھ کر پوچھا کہ "کیا ہوا بیگم جی؟" اس نے "کچھ نہیں" کہہ کر سر جھٹک دیا- کیا بتاتی کہ یہ اس کا یہ "غم" سن کر دنیا نے ہنسنا ہی تھا اس پر۔۔۔
پھر ان کے دوبارہ پوچھنے پر نہایت غمزدہ لہجے میں وہ بولی:۔۔۔
" آج ناں! میرا پرانا، نرم لان کا سوٹ پھٹ گیا ہے۔ "
اور میاں صاحب حیرت سے منہ کھولے سوچ رہے تھے کہ
عورت ایک معمہ سمجھنے کا نہ سمجھانے کا ۔۔۔



































