
ثمینہ ناہید
کبھی کبھی انسان کو سب سے زیادہ خوف اجنبیوں سے نہیں بلکہ ان لوگوں سے محسوس ہوتا ہے جنہیں وہ اپنا سمجھ کر اپنے گھر کے دروازے تک آنے کی اجازت دیتے ہیں۔
رشتے صرف خون کے ہی نہیں اعتماد کے بھی ہوتے ہیں اور جب اعتماد ہی ٹوٹ جائے؟ تو انسان کے ایک رشتہ نہیں ٹوٹتا بلکہ اس کا دنیا سے اعتبار اڑ جاتا ہے۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پیش آنے والا حالیہ المناک واقعہ اسں حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ایک خاتون اور اس کے تین معصوم بچوں کو گھر کے اندر قتل کر دیا گیا! ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کے ایک قریبی رشتہ دار کو گرفتار کر لیا گیا جو کہ خاتون کے شوہر کا بہنوئی تھا ۔ اس نے واردات کا اعتراف کیا! اور پکڑا گیا وہ گھر کے اندر سے واقف تھا۔
کبھی کبھی زندگی ہمیں ایسے سانحات کے سامنے لاڑ کھڑا کر تی ہے ،جہاں الفاظ ختم ہو جاتے ہیں -آنکھیں سوال بن جاتی ہیں اور دل صرف یہ سوچتا رہ جاتا ہے کہ آخری انسان کس پر اعتبار کرے !ہم اپنے بچوں کو یہ ہمیشہ یہ سکھاتے آئے ہیں کہ اجنبیوں سے بچ کر رہنا! اجنبی کے ہاتھ سے کچھ نہ لینا! اجنبی کو گھر میں داخل نہ ہونے دینا! مگر خطرہ اجنبی سے نہیں، اپنوں سے ہو تو؟ اگر وہ شخص جسے ہم برسوں سے جانتے ہوں،جسے خاندان کا فرد سمجھتے ہوں ،جس کے لیے ہمارے گھر کے دروازے بند نہ ہوں،وہی ہماری اس محبت ،اعتماد کو ہماری کمزوری بنا لے! اور پھر انسان کس دروازے پر جا کر خود کو محفوظ سمجھے۔ اپنے لیے کون سی محفوظ پناہ گاہ تلاش کرے۔
سوچیے !ایک عورت اپنے گھر میں تھی اپنے بچوں کے ساتھ اپنے گھر سے زیادہ محفوظ پناہ گاہ کوئی نہیں ہوتی۔وہی گھر ایک عورت کے لیے غیر محفوظ ہو جائے خوف کی جگہ بن جائے تو اس عورت پر کیا گزرے گی جو ایک ماں بھی ہے جو وہ بچے جو اپنی ماں کے ساتھ اس گھر میں اپنے اپ کو سب سے زیادہ محفوظ سمجھ رہے تھے وہ جگہ چند لمحوں میں ان سے زندگی چھین لے گی اور وہی رشتے جن پر ہم اندھا اعتماد کرتے ہیں، وہ رشتہ اعتماد کا خون کر دے ۔
یہاں ایک لمحے کے لیے ہمیں رک کر اپنے معاشرے سے ایک سوال ضرور کرنا چاہیے! کیا ہم نے رشتوں کے نام کو اتنی اہمیت دے دی ہے کہ حدود اور اختیار احتیاط بھول گئے ہیں۔ ہم یہ بھی بھول گئے ہیں کہ ہمارا ان سے کیا رشتہ ہے؟ اسلام نے انسان کو صرف عبادت نہیں سکھائی بلکہ زندگی گزارنے کے اصول بھی بتا دیے ہیں۔
قرآن کریم میں اللہ تعالی نے مومن مردوں اور عورتوں دونوں کو نگاہ نہیچی رکھنے اور پاکدامنی اختیار کرنے کی ہدایت فرمائی ہے- فرمایا گیا کہ "مومن مردوں سے کہ دو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں"(سورہ النور 24.30)۔ اس کے فورا ًبعد مومن عورتوں کے لیے بھی نگاہوں کی حفاظت اور پاکدامنی کی ہدایت آتی ہے (سورہ النور24.31)۔
یہ صرف چند الفاظ نہیں بلکہ پورا معاشرتی اصول ہے۔ اسلام نے مرد اور عورت دونوں کو اپنی حدود پہچاننے اور دوسروں کی حرمت کا احترام کرنے کی تعلیم دی ہے اور قران کریم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ عورت کے لیے کون سی قریبی رشتے محرم ہے اور کون غیر محرم ہیں۔ ہم اکثر کہتے ہیں اور یہ تو اپنے گھر کا بندہ ہے، یہ تو اپنا رشتہ دار ہے ۔اس سے کیا پردہ !شاید ہمیں اسی سوچ پر نظر ثانی کی ضرورت ہے اور اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔
رشتے اپنی جگہ محترم ہیں مگر اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود اپنی جگہ مقدس ہیں ۔اگر ہم شروع سے ہی اپنے بچوں کو یہ فرق سمجھائیں خواتین کو اپنی حدود کا شعور دیں! مردوں کو نگاہ اور کردار کی پاکیزگی کا احساس دلائیں! اور گھروں میں شرعی و معاشرتی حدود کا احترام عام کریں! تو کم از کم ایسے خطرات کے کئی دروازے ابتدا ء ہی میں بند کیے جا سکتے ہیں لیکن افسوس یہ ہے کہ ہم بعض اوقات حیا کو صرف عورت کی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پردہ صرف عورت کے لیے ہی ہے جبکہ قرآن نے سب سے پہلے مومن مردوں کو نگاہیں نیچی رکھنے کا حکم دیا ہے۔حیا صرف عورت کا زیور نہیں مرد کی بھی ذمہ داری ہے۔ہمیں رشتوں سے نفرت نہیں سکھانی بلکہ رشتوں میں حدود کا احترام سکھانا ہے اور سب سے بڑھ کر ہمیں یہ سمجھنا ہے کہ دین کی تعلیمات سے کتابوں میں رکھنے کی نہیں بلکہ قرآن ہمیں زندگی گزارنے کے اصول بھی دیتا ہے اور پوری زندگی ہمیں قرآن کی اصولوں کے مطابق گزارنی ہے، جب اللہ تعالیٰ نے حیا ء پاکدامنی اور رشتوں کی حدود واضح کر دی ہے تو ہمیں ان تعلیمات کو روزمرہ زندگی میں اپنانا ہے۔
سرجانی ٹاؤن کا سانحہ ہمیں صرف رنجیدہ کرنے کے لیے نہیں !سوچنے کی بھی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم گھروں کو صرف تالوں سے نہیں محفوظ کر سکتے! بلکہ اپنی نئی نسل کو صحیح اور غلط! محرم اور نامحرم اور رشتوں پر اندھا اعتماد کا فرق بھی سکھا سکتے ہیں - اعتماد کرنا ہے لیکن اندھا اعتماد نہیں کرنا ،گھر وہ نہیں جو صرف چار دیواری ہو۔ گھر وہ ہے جہاں ایک عورت اپنے آپ کو محفوظ سمجھے، جہاں ایک بچہ بے خوف سو سکے! جہاں رشتے عزت کے ساتھ نبھائے جا سکیں-
کچھ زخم نظر نہیں آتے لیکن پوری زندگی کا روگ بن جاتے ہیں۔ کچھ لوگ گھر کی دہلیز سے اندر آتے ہیں اور اپنے ساتھ اعتماد کی آخر کرن بھی لے جاتے ہیں اور پھر ہر کسی سے انسان کا اعتماد اٹھ جاتا ہے ۔سب سے بڑا مسئلہ یہ نہیں کوئی اجنبی دشمن نکلا ! دکھ تو یہ ہے کہ کبھی کبھی کوئی اپنا ہی اپنائیت کا نقاب پہن کر آتا ہے اور لوٹ کر چلا جاتا ہے۔
رشتوں پر اعتبار ضرور کیجئے! مگر اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کو اعتبار کی نظر نہ کیجئےکیونکہ زندگی چلی جائے! تو واپس نہیں آتی! مگر ایک بروقت احتیاط اور ایک بروقت آواز اور اللہ کی بتائی حدود پر عمل شاید کسی معصوم زندگی کو ہمیشہ کے لیے بچا سکے۔




































