
ثمینہ ناہید
آج کےدور میں ٹیلی ویژن ڈرامے محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہے بلکہ یہ ہماری معاشرتی سوچ، خاندانی اقدار اور نوجوان نسل کی ذہن سازی میں
بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈراموں میں دکھائے جانے والے کردار، مکالمے اور واقعات ناظرین کے ذہنوں پر اثر چھوڑتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ جب کسی ڈرامے میں مذہبی اور معاشرتی اہمیت کے حامل معاملے کو غیر سنجیدہ انداز میں پیش کیا جائے تو سوال اٹھانا ضروری ہو جاتا ہے۔
جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ڈرامے ’’اسوہ‘‘ کے ایک منظر نے میرے ذہن میں کئی سوالات پیدا کیے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی میں ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی لڑکی اسوہ کو دکھایا گیا ہے، جو یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہے، تین بہنوں میں سے ایک ہے اور اپنے کزن کو پسند کرتی ہے۔ کہانی میں ایک موقع پر یونیورسٹی کے دوستوں کے درمیان مذاق مذاق میں لڑکے اور لڑکی کا نکاح پڑھایا جاتا ہے۔ دونوں کی جانب سے تین مرتبہ قبول ہے کہنے کا منظر دکھایا جاتا ہے، بعدازاں لڑکی اس واقعے کو بھول جاتی ہے لیکن جب اس کی شادی کا وقت قریب آتا ہے تو اسے یاد آتا ہے کہ شاید وہ پہلے ہی نکاح کے بندھن میں بندھ چکی ہے۔ وہ ایک عالمِ دین سے رہنمائی لیتی ہے اور اسے بتایا جاتا ہے کہ اس کا نکاح ہو چکا ہے۔
یہاں سوال یہ نہیں کہ ڈرامے میں کہانی کا کون سا موڑ دکھایا گیا ہے۔اصل سوال یہ ہے کہ نکاح جیسے مقدس اور سنجیدہ رشتے کو مذاق کے ماحول میں پیش کرکے ہم اپنی نوجوان نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟کیا نکاح محض چند الفاظ دہرانے کا نام ہے؟ کیا دو نوجوان دوستوں کے سامنے بیٹھ کر ہنسی مذاق میں اپنی زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ کر سکتے ہیں؟ اور کیا ایسے مناظر دکھاتے ہوئے یہ سوچا گیا کہ ناتجربہ کار نوجوان اس سے کیا نتیجہ اخذ کریں گے؟
اسلام میں نکاح ایک مقدس عہد اور ذمہ داری ہے۔ یہ محض جذبات، پسندیدگی یا چند لمحوں کی خوشی کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ حقوق، فرائض اور ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کی ذمہ داریاں وابستہ ہیں۔ نکاح کی شرعی حیثیت کا تعین اس کی متعلقہ شرائط اور مکمل صورتِ حال کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔ اس لیے کسی مخصوص واقعے کو صرف ایک ڈرامائی منظر کی بنیاد پر درست یا غلط قرار دینا مناسب نہیں۔ ایسے معاملات میں مستند عالمِ دین سے مکمل تفصیلات کے ساتھ رہنمائی لینا ضروری ہے۔
تاہم ڈراما سازوں کی ذمہ داری اپنی جگہ برقرار رہتی ہے۔ انہیں یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ مذہبی معاملات کو اس انداز میں پیش کرنے سے کہیں غلط فہمیاں تو پیدا نہیں ہوں گی؟ کہیں نوجوان یہ تو نہیں سمجھ بیٹھیں گے کہ گھر والوں کو اعتماد میں لیے بغیر، چند دوستوں کو گواہ بنا کر یا کسی غیر سنجیدہ محفل میں بیٹھ کر نکاح کر سکتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں پہلے ہی خاندانی اختلافات، والدین اور اولاد کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے اور رشتوں کے حوالے سے بے شمار مسائل موجود ہیں۔ ایسے میں میڈیا کو چاہیے کہ وہ ان مسائل کو مزید الجھانے کے بجائے شعور اور ذمہ داری کے ساتھ پیش کرے۔کسی لڑکے اور لڑکی کا ایک دوسرے کو پسند کرنا بذاتِ خود کہانی کا قابلِ اعتراض پہلو نہیں۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب پسندیدگی کو ہر اصول سے بالاتر دکھایا جائے، والدین کی رہنمائی کو غیر ضروری بنا دیا جائے اور نکاح جیسے اہم معاملے کو ایک کھیل یا اچانک پیش آنے والے واقعے میں تبدیل کر دیا جائے۔ نوجوانوں کو یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ زندگی کے فیصلے صرف جذبات کی بنیاد پر نہیں کیے جاتے؛ ان کے نتائج اور ذمہ داریوں کو سمجھنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔
پاکستانی ڈرامے لاکھوں گھروں میں دیکھے جاتے ہیں۔ ان کے ناظرین میں نوجوان، طالبات اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔ اس لیے ڈراما نگار، ہدایت کار اور ٹیلی ویژن چینلز اس ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے کہ وہ جو کچھ دکھا رہے ہیں، اس کا معاشرے پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔ تخلیقی آزادی اپنی جگہ اہم ہےمگر مذہبی حساسیت اور معاشرتی ذمہ داری کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
ہمیں ایسے ڈراموں کی ضرورت ہے جو معاشرتی مسائل کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کریں مگر ان کے ساتھ درست رہنمائی بھی فراہم کریں۔ اگر کسی کہانی میں نکاح کے معاملے کو بنیاد بنایا گیا ہے تو اس کے شرعی اور قانونی پہلوؤں کو ذمہ داری سے واضح کیا جانا چاہیے تاکہ ناظرین محض ڈرامائی منظر کو حقیقی زندگی کے لیے رہنما اصول نہ سمجھ بیٹھیں۔
یہاں متعلقہ اداروں، خصوصاً پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، کی ذمہ داری پر بھی گفتگو ہونی چاہیے کہ مذہبی اور معاشرتی طور پر حساس موضوعات کی پیش کش میں ذمہ داری اور احتیاط کو کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے، مقصد اظہارِ خیال پر غیر ضروری پابندی نہیں بلکہ ایسا مواد پیش کرنے کی حوصلہ افزائی ہے جو تفریح کے ساتھ شعور بھی دے۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ریٹنگ کے لیے ہر موضوع کو سنسنی خیز بنانا ضروری نہیں، اور ہر حساس معاملے کو ڈرامائی موڑ میں تبدیل کرنا دانش مندی نہیں۔
میری ڈرامہ ’’اسوہ‘‘ کے تخلیق کاروں اور تمام ڈراما سازوں سے گزارش ہے کہ وہ نوجوان نسل کی ذہنی تربیت اور معاشرتی اقدار پر اپنے کام کے اثرات کو سنجیدگی سے دیکھیں۔ ایسے مناظر پر نظرثانی کی جائے جو نکاح کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتے ہوں، اور کہانی کے اندر ذمہ دارانہ وضاحت کو بھی جگہ دی جائے۔
آخر میں سوال صرف ڈرامے ’’اسوہ‘‘ کا نہیں بلکہ ہماری پوری ڈراما انڈسٹری کا طرزِ فکر کا ہے۔ کیا ہم اپنی نئی نسل کو زندگی کے اہم رشتوں کی قدر سکھا ر ہے ہیں یا بے راہروی کی طرف لے جا رہے ھیں ایسے ڈرامے بند ہونے چاہئیں ۔ہم اپنی نوجوان نسل کو کیا سکھا رہے ہیں - نکاح اتنا آسان ہو گیا ہے ؟ یہاں سوچنے کی ضرورت ہے؟۔




































