
لندن (ویب ڈٖیسک،خبر ایجنسی) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد چار لاکھ سترہ ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتوں
کی تعداد ساڑھے 18 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں وائرس سے 6820 ہلاکتوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ اسپین میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 738 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد اسپین میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 3434 ہو گئی ہے، اس طرح ہسپانوی ملک 24 گھنٹوں میں زیادہ ہلاکتوں کی فہرست میں چین سے آگے نکل گیا ہے۔
وائرس کے عالمی پھیلاؤ کے بعد یورپی یونین نے 30 روز کے لیے یونین کے باہر سے تمام مسافروں کے لیے اپنی سرحدیں بند کردی ہیں۔ امریکہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے اور امریکی انتظامیہ نے اپنے شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روک دیا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18,615 ہوچکی ہے۔ اعداد و شمار جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 6,820 ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جبکہ چین میں 3,160، اسپین میں 3434، ایران میں 1,934، فرانس میں 1,100، برطانیہ میں 422، ہالینڈ میں 276، جرمنی میں 157 جبکہ نیویارک میں اب تک 131 افراد اس وبا کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔ اگرچہ ہلاکتوں میں اٹلی سرِفہرست ہے مگر کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز اب بھی چین میں زیادہ ہیں۔
چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 81,591، اٹلی میں 69,176، امریکہ میں 53,740، سپین میں 39,885، جرمنی میں 32,986، ایران میں 24,811، فرانس میں 22,622، جنوبی کوریا 9,037، سوئزرلینڈ میں 9,877 جبکہ برطانیہ میں مصدقہ کیسز کی تعداد 8,164 ہے۔ وائرس کا شکار ایک لاکھ سے زائد افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے 169 ممالک میں کورونا کے مریض موجود ہیں۔ دریں اثناء بھارت میں سرکاری اعلان کے بعد لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا ہے اور آئندہ 21 روز تک ملک کی 1.3 ارب سے زائد آبادی گھروں میں رہے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں بھی اب تک کورونا کے7 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔





































