
کراچی(رنگِ نوڈاٹ کام )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نےکہاہےکہ
پوری قوم اورافواج پاکستان بھارت کی جارحیت کےمقابلےکےلیےمتحداورتیارہے،بھارت نےحملہ کیا تواسےمنہ کی کھانی پڑےگی اورقوم سیسہ پلائی دیواربن جائےگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو ایم اے جناح روڈ پرجماعت اسلامی کےتحت ’’تحفظ پاکستان ریلی ‘‘ کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔
انہوں نےکہا کہ امریکاکےکہنے پرمذاکرات کرنےیا بھارتی پائلٹ کوواپس کرنےسےکچھ حاصل نہیں ہوگا،کیونکہ لاتوں کےبھوت باتوں سے نہیں مانتے۔بھارت کشمیرکبھی پلیٹ میں رکھ کرنہیں دےگا۔ایسانہ ہو کہ میدانوں میں جیتی ہوئی جنگ ہم ایوانوں میں ہارجائیں، جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے لیس ہوکر ہی کشمیر آزادکرایاجاسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا موٹوبھی ایمان،تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہے،سافٹ امیج کے نام پر اسے دور نہیں کیاجاسکتا،شہر بھر میں رضاکاروں کی رجسٹریشن کےلیے کیمپ لگائےجارہے ہیں۔
اگر ضرورت پڑی تو کراچی کے نوجوان حسن محمود صدیقی کی طرح اگلے مورچوں پر لڑنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ریلی سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔
قبل ازیں جیل چورنگی سے ریلی کا آغاز ہوا اور حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ریلی کے شرکاء نے پیدل مارچ کیا۔




































