
کوئٹہ ( دین محمد :نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام )کو ئٹہ کے شہریوں نے موجودہ حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ۔کہتے ہیں
پہلے والی حکومت بہترتھی ،موجو دہ حکومت نے مہنگائی کے سوا ہمیں کچھ نہیں دیا۔
مختلف دکانداروں نے” نمائندہ رنگ نو“سے خصوصی گفتگو کی ۔ایک سوال پرہوٹل پرکام کرنے والے نوجوان نے کہا کہ پہلے والی حکومت موجودہ حکومت سے بہتر تھی، انڈے ،گیس ،بجلی ہر چیز مہنگی مل رہی ہے ،گزشتہ دور حکومت میں اتنی مہنگائی نہیں تھی۔

نان بائی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت نے جو مشکلات پیداکی ہیں اس سے غریب نے زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ان کا کہناتھا کہ آٹا دودھ ،گھی سمیت ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے۔روٹی کی قیمت بڑھا ئیں تو لوگ شور مچاتے ہیں ،ہم کیا کریں ،تنور پراستعمال ہونے والی لکڑیاں بھی مہنگی ہیں ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت سے نوازشریف اورزرداری کی حکومت بہتر تھی ۔

چائے فروش نے کہا کہ چائے کی پتی ،کوئلہ مہنگے داموں مل رہا ہے ،ہوٹل کا کرایہ اور یہاں کام کرنے والے محنت کشوں کو مزدوری دینا ہوتی ہے۔یہ سب چیزیں کام کیلئے ضروری ہیں مگر موجودہ دور حکومت میں بجلی ،گیس ہر چیز مہنگے داموں مل رہی ہے ۔

پرچون فروش کا کہنا تھا کہ ہرچیز مہنگی ہوچکی ہے بعض اشیاکی قیمتیں سو فیصد بڑھ گئی ہیں ،ہمیں ہول سیل مارکیٹ سے جس قیمت پر چیزیں ملتی ہیں ۔اس پر اپنا تھوڑا منافع رکھ کر اشیا بیچتے ہیں ،مہنگا ئی میں ہمار اکوئی قصورنہیں ،یہ حکومت کا کام ہے ۔اس حکومت سے لوگ 16ماہ میں پریشان ہوگئے ہیں ۔




































