
لاہور (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) جسٹس مامون رشیدشیخ نے لاہور ہائیکورٹ کے49ویں چیف جسٹس کی
حیثیت سے حلف اٹھالیا۔گورنر ہاﺅس لاہور کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس مامون رشید سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،صوبائی وزراء،لاہور ہائیکورٹ کے ججزصاحبان ،لاءافسران، اٹارنی جنرل آف پاکستان،چیف سیکرٹری پنجاب ،انسپکٹر جنرل پولیس ،بارز کے عہدیداران نے شرکت کی ۔بعد ازاں جسٹس مامون رشید کا لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے ججز لاﺅنج میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان سے ملاقات کی۔جسٹس مامون رشید شیخ 18 مارچ 2020 کو ریٹائر ہوجائیں گے۔جسٹس مامون رشید شیخ کے بعد جسٹس قاسم خان لاہور ہائیکورٹ میں سب سے سینئر جج بن گئے ہیںاور وہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے پر ایک برس اور 4 ماہ کی مدت تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔




































