
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) ابو ظہبی کے ولی عہد کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زاہد النیہان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی امور تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں،دوطرفہ تعلقات اورتعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ دوطرفہ اقتصادی رابطوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان معاشی طورپر مستحکم ہورہاہے ۔ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں یو اے ای کی طرف سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اماراتی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے چھوٹے اوردرمیانے درجے کی صنعتوں میں تعاون پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ 16 لاکھ پاکستانی یو اے ای کی ترقی میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔ سمندر پار پاکستانی متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاہد النہیان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو 150 دن سے محصور کررکھا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے جبکہ ولی عہدنے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
ولی عہد نے جنوبی ایشیاءمیں امن اور تنازعات کے حل میں یو اے ای کی حمایت کاعزم کیا ۔ ولی عہد شیخ محمد بن زاہد النہیان نے او آئی سی میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔




































