اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کی تنظیم(ہوپ) کے چیئر مین ناصر خان نے کہا ہے کہ گذشتہ حج کے موقع پر محروم رہ
جانے والے 26 ہزار افرد کو رقم واپسی کے لئے تیار ہیں،وزارت کی جانب سےفنڈز کی منسوخی یا واپسی کیلئے کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔
پیر کو ہوپ کے چیئرمین کی جانب سے وزیر مذہبی امور کو لکھیگئے خط میں چیئرمین ناصر خان نے کہا کہ عازمین کی رقم میں کٹوتی نہیں کی جائے گی،رقم کی واپسی کیلئے عازمین کو تحریری درخواست دینا ہوگی،درخواست کے ہمراہ شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک سلپ کی کاپی فراہم کرنا ہوگی، تین دن میں تصدیقی خط اور سات سے دس دن میں رقم لوٹا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عازمین کی رقم ڈیمانڈ ڈرافٹ اور کراس چیک کے ذریعے لوٹائی جائے گی۔ پہلے بھی کئی عازمین کی رقوم واپس کر چکے، 2025 میں حج سے محروم عازمین کی بکنگ حج 2026 میں منتقل کر دی گئی ہے۔ ان عازمین کے فنڈز سعودی عرب میں محفوظ ہیں۔
انہوں نے وزیر مذہبی امور سے درخواست کی کہ فنڈز کی واپسی یا منسوخی کے لئے کوئی قدم نہ اٹھایا جائے، فنڈز منسوخی سے حج کی تیاریوں میں تاخیر اور رکاوٹیں پیدا ہوں گی، سعودی عرب کی ٹائم لائن کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔





































