
سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر وادی کشمیر اور جموں کے بعض حصوں میں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیر
انسانی لاک ڈاؤن پیر کو مسلسل 106 ویں روز بھی جاری رہا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر اور جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں حالات معمول پر نہیں آسکے ہیں اورجہاں کشمیریوں میں بھارتی حکومت کے کشمیر دشمن اقدامات پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ، ایس ایم ایس اور پری پیڈ موبائل نیٹ ورکس پر مکمل پابندی کے ساتھ ساتھ دفعہ 144 کے تحت بھی سخت پابندیاں نافذ ہیں۔ سردیوں کے آغاز نے بھی کشمیریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیاہے۔
وادی کشمیرمیں لوگ تعلیمی اداروں اور دفاتر سے دور رہ کر بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کے خلاف خاموش احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دکاندار بھی صبح چند گھنٹے اپنی دکانیں کھولنے کے سوا دن بھر بند رکھتے ہیں۔تاہم سرینگر میں ہفتہ وار اتواربازار پورا دن کھلا رہا۔
بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے وادی کشمیرکے کیبل آپریٹرز کو پاکستان، ایران، ترکی اور ملائشیا کے کسی ٹی وی چینل کی نشریات اپنے نیٹ ور ک کے ذریعے نشر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات گزشتہ روز سرینگر میں وزارت کے سینئر عہدیدار وکرم سہائے اور آپریٹرز کے درمیان ہونے والی ایک طویل ملاقات کے دوران دی گئیں۔ اس موقع پرکیبل آپریٹروں کو ان مسلم ممالک کے چینل بند کرنے کی ہدایات دی گئیں۔





































