
جنیوا (ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ادویات اور ویکسین کی تیاری کو تیز کرنے اور
دنیا بھر میں ان کی رسائی یقینی بنانے کی غرض سے ایک منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی عالمی رہنماؤں نے مکمل حمایت کی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نے جنیوا میں ایک وڈیو کانفرنس میں کہا کہ ہمارا مشترکہ وعدہ ہے کہ کوویڈ 19 کی روک تھام،اس کی تشخیص، علاج کرنے اوراسے شکست دینے کیلئے سب لوگوں کی تمام ذرائع تک رسائی ہو۔
کورونا وائرس سے نپٹنے کیلئے دنیا بھر میں علاج معالجے اور ویکسین تیار کی جا رہی ہیں جبکہ بعض ویکسین کی طبی آزمائش پہلے ہی جاری ہے۔ٹیڈروس نے ایچ 1 این 1فلو کی عالمگیر وباء کا بھی حوالہ دیا اورکہا تجربات نے ہمیں بتایا کہ جب آلات یا ذرائع دستیاب بھی ہوں تب بھی وہ تمام لوگوں کیلئے مساوی طور پر دستیاب نہیں ہوتے۔ تاہم ہماری کوشش ہے اب ایسا نہ ہو کیونکہ وباء بڑی شدت اختیار کررہی ہے۔





































