
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات میں دفاع اور تجارت کے شعبوں
میں تعاون سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں سربراہان کی ملاقات کا مقصد نیٹو اتحادیوں کے مابین بڑھی ہوئی نااتفاقی کو دور کرنا تھا، خاص طور پر ترکی کی شام کے بارے میں پالیسی اور روسی دفاعی میزائل نظام کی خریداری کا معاملہ سرفہرست رہا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان متنازعہ امور کو پس پشت ڈالتے ہوئے خود کو ترک صدر رجب طیب اردوان کا مداح قرار دیا اورکہا کہ ہم ایک طویل مدت سے ایک دوسرے کے دوست رہے ہیں ہم ایک دوسرے کے ممالک کے بارے میں جانتے ہیں اور اپنے حالات کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ کی نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ خطے میں بھی بہت عزت کی جاتی ہے۔صدرٹرمپ نے کہا کہ ترکی کی جانب سے روسی ایس 400 دفاعی میزائل نظام کی خریداری کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک 100 ارب ڈالر کے تجارتی سمجھوتے پر گفتگو کریں گے۔





































