
لندن(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں
محمد شہبازشریف نے کورونا وائرس اور معیشت کے بڑھتے خطرات پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ٹیسٹ کرانے سے منع کرنے کا مطلب ہے کہ حکومت کے پاس کورونا سے نمٹنے کی تیاری نہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میںان کا کہنا تھا کہ کیاکوئی بھی ذی شعور اور زی ہوش شخص ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہیں کرسکتا۔ علامات پرٹیسٹ نہ کرائے تو ابتدائی مرحلے پر اس وباکو کیسے روکا جائے گا؟ حکمرانوں کا معیشت اور کورونا کے مقابلے کے لئے ایک ہی انداز اور رویہ ہے۔ کورونا اور معیشت کا خطرہ ملکی سلامتی اور عوام کی بقاکے لئے سنگین تر ہوتا جارہا ہے۔ہسپتالوں میں انتظامات پورے ہوتے تو عمران نیازی ٹیسٹ نہ کرانے کی بات نہ کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے مریضوں کی تعداد بتارہی ہے کہ معاملہ دنوں سے اب لمحوں کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ چھپانے سے حقائق بدلیں گے اور نہ ہی حالات۔ پاکستانی قوم بڑی بہادر ہے، حکومتی ذمہ د اری ہے کہ مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ تفتان واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے۔





































