
جدہ (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے روضہ رسول ﷺکو زیارت کیلئے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق روضہ
رسول ﷺ 18 اکتوبر سے زیارت کے لیے کھولا جائے گا۔دوسری جانب عمرہ کی ادائیگی کے لیے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا ،جس کے تحت غیر ملکی زائرین بھی عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ سعودی عرب نے دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی شہریوں کو عمرہ کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے شوگر، ہائی بلڈپریشر، امراض قلب، جگر اور حاملہ خواتین کوعمرہ اور زیارت مو¿خر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کو ایپ کے ذریعے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔ سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن حانی العمیری نے بتایا کہ 18 اکتوبر دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ معتمرین کے علاوہ 6 لاکھ سے زائد عبادت گزاروں کو مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔
حانی العمری نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لیے مسجد نبوی میں روضہ مبارک کے علاوہ مسجد نبوی کا پرانا حصہ بھی کھول دیا جائے گا۔ قبل ازیں 31 مئی 2020ءکو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے مسجد نبوی کے صرف صحن میں نماز کی ادائیگی کی اجازت تھی۔
واضح رہے کہ یکم نومبر سے تیسرے مرحلے میں غیر ملکی زائرین کو بھی عمرہ ادائیگی اور روضہ شریف پر حاضری کی اجازت ہوگی تاہم یہ واضح نہیں کہ کتنے ممالک کے شہریوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی





































