
کوالالمپور (ویب ڈیسک ) ملائیشیامیں کورونا وائرس کے مزید 3 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ ملایشیا
کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی زد میں آئے ہوئے چینی شہر ووہان سے اپنے شہریوں کے انخلاءکے لئے متعلقہ چینی حکام سے رابطے میں ہیں،انہوں نے بتایا کہ ووہان میں ملائشیا کے 78 شہری ہیں۔
دریں اثاءملائشیا کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملائشیا میں کورونا وائرس کے مزید 3 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد7ہو گئی ہے۔انہوںنے بتایا کہ تمام متاثرہ افراد جن میں ایک 4سالہ بچی اور 52 سالہ شخص شامل ہے ،چینی شہری ہیں۔
علاوہ ازیں ملائشیا کے ادارہ مواصلات اور ملٹی میڈیا کمشن نے کہا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کی وباءبارے غلط معلومات پھیلانے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔یاد رہے کہ ملائشیا نے صوبہ ہوبی سے چینی شہریوں کی ملک آمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔





































