
مانچسٹر(رنگ نو اسپورٹس ) انگلینڈ اور ویلز میں جاری 12ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے 34ویں لیگ میچ میں انڈین ٹیم نے ایک یکطرفہ مقابلے میں ویسٹ
انڈین سائیڈ کو 125رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم مسلسل چھٹی شکست کے بعد ٹورنامنٹ کےاگلےمرحلے سےباہر ہو گئی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے ٹورنامنٹ میں واحد فتح پاکستان کے خلاف حاصل کی تھی۔
جمعرات کو مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
۔اس میچ میں ماہرین بھارت کی جانب سے 300سے زائد رنز بنائے جانے کی پیش گوئی کررہے تھے۔تاہم ویسٹ انڈین بولرز نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور بھارتی ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے باز رکھا۔
مقررہ پچاس اوورز میں ویرات کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے 269 رنز بنائے تو ایسا لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈیز یہ ہدف حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری فتح کا منہ دیکھے گا۔ لیکن انڈین بولنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 34 اعشاریہ 2 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیرہوگئی۔محمد شامی ایک بار پھرانڈیا کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے صرف 6 اوورز میں 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے سنیل ایمبریس نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیزکے خلاف فتح کےبعد انڈیا نے 6میچ کھیل کر 11 پوائنٹس حاصل کر لئے ہیں۔ انڈیا کو ابھی انگلینڈ، بنگلا دیش اور سری لنکا کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔





































