
اندور (رنگ نو اسپورٹس)بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو اننگز اور 130 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں
1-0 کی برتری حاصل کر لی، ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 213 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، مشفق الرحیم 64 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، محمد شامی نے 4 اور ایشون نے 3 وکٹیں حاصل کیں، میانک اگروال کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، بھارت کی یہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مسلسل چھٹی فتح ہے۔
ہفتہ کو اندور میں ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان 10 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر امرالقیس 6 رنز بنانے کے بعد امیش یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اگلے اوور میں ایشانت شرما نے شادمان اسلام کو 6 کے انفرادی سکور پرکلین بولڈ کر دیا، کپتان مومن الحق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 رنز بناکر محمد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے
محمد متھن بنگلہ دیش کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بناکر محمد شامی کا شکار بنے، محمد اللہ 15، لٹن داس 35، مہدی حسن میراز 38، تیج الاسلام 6 اور عبادت حسین ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، مشفق الرحیم نے 64 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، محمد شامی نے 4، ایشون نے 3 اور امیش یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے اس سے قبل بنگلہ دیش کی پہلی اننگز 150 کے جواب میں 493 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی، اس طرح بھارت نے اننگز اور 130 رنز سے فتح سمیٹی۔




































