
لاہور( اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نےدورہ سری لنکا کیلئے 18رکنی قومی
ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، لیگ اسپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے،مکمل فٹنس حاصل کرنے والے یاسر شاہ کے علاوہ سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی۔
انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 88وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز کو دورہ سری لنکا کے لیے دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اٹھارہ رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین اوپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آلراﺅنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرزاور چار فاسٹ بالرز شامل ہیں۔ اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان(نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد(وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو میچز گال اور کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16سے 20جولائی تک گال جبکہ دوسرا 24سے 28جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل واحد تین روزہ وارم اپ میچ 11جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 26جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ قومی اسکواڈ 6جولائی کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوگا۔





































