
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے مزید 4 وارم اپ میچز 17 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
میگا ایونٹ سے قبل ہر ٹیم دو، دو وارم اپ میچ کھیلے گی، پہلا وارم اپ میچ آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسرا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ اور پروٹیز ٹیموں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تیسرے وارم اپ میچ میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ،جبکہ چوتھے میچ میں گرین شرٹس اور انگلینڈ کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ 19 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیراہتمام ٹی 20 ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے13 نومبر تک آسٹریلیا کے 7 شہروں میں کھیلا جائے گا ،جس میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹورنامنٹ کا پہلا راﺅنڈ 16 اکتوبر سے شروع ہوگا ،جس میں سپر12 مرحلے کیلئے 4 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ اس راﺅنڈ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں سری لنکا، نمیبیا، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ بی میں ویسٹ انڈیز،ا سکاٹ لینڈ، زمبابوے اور آئرلینڈ شامل ہیں،۔
ابتدائی راﺅنڈ میں ہر گروپ سے دو، دو ٹاپ ٹیمیں سپر 12 راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا، گروپ1 میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور افغانستان جبکہ گروپ2 میں پاکستان، بھارت، ساﺅتھ افریقہ اور بنگلہ دیش شامل ہیں، سپر 12 مرحلے کا افتتاحی میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 23 اکتوبر کو میلبورن میں روایتی بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی۔سڈنی کرکٹ سٹیڈیم9 نومبر کو پہلے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا۔ دوسرا سیمی فائنل 10 نومبر کو ایڈیلیڈ، اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ 2ٹاپ ٹیموں کے مابین فیصلہ کن معرکہ13 نومبر کو میلبورن کرکٹ میں ہو گا۔




































