اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک )وہیل چیئرٹی 20 کرکٹ ایشیا کپ 2023کا دوسرا ایڈیشن رواں سال 2 سے 8 اکتوبر تک نیپال میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل(پی ڈبلیو سی سی ) کے نیوٹرل مقام پر منعقد ہوگا۔گزشتہ روز پی ڈبلیو سی سی کی صدر رخسانہ راجپوت نے اے پی پی کو بتایا کہ ایونٹ رواں سال جولائی میں منعقد ہونا تھا لیکن کھٹمنڈو(نیپال) میں بارش کے باعث اس کا شیڈول تبدیل کرکے اکتوبر میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ کونسل پاکستان میں اس ایونٹ کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیار تھی لیکن بھارتی ٹیم کے کچھ سفری مسائل کی وجہ سے اسے نیپال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ شائقین ایونٹ کے دوران دلچسپ مقابلوں سے لطف اندوز ہوں۔
ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی،یہ ٹورنامنٹ کھٹمنڈو کے مولپانی کرکٹ گرانڈ پر کھیلا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن بھی مئی 2019 میں نیپال میں منعقد ہوا تھا۔
رخسانہ راجپوت نے کہاکہ پاکستان وہیل چیئر ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے ایڈیشن کا چیمپئن ہے جس نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔