
راولپنڈی ( اسپورٹس ڈیسک )راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے
زمبابوے کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ برائن بنیٹ نے 49 جبکہ کپتان سکندر رضا نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ شاہین آفریدی، ابرار احمد، سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 گیندیں باقی ہونے پر 5 وکٹ کے نقصان پر 148 رنز بنا کر میچ اپنے نام کیا۔ فخر زمان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ عثمان خان نے 37 اور محمد نواز نے 20 رنز کی اہم ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ دیگر بیٹرز میں صائم ایوب نے 22، صاحبزادہ فرحان نے 16، سلمان علی آغا نے 1 اور بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔
ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ روایتی پنڈی وکٹ جیسی نہیں لگ رہی اور امید ہے کہ بعد میں اوس کے اثرات سے بچا جا سکے گا،دوسری جانب زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے سیریز کے لیے بھرپور جوش کا اظہار کیا اور کہا کہ وکٹ معمول سے سست دکھائی دے رہی ہے۔





































