
ابوظہبی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا چوتھا
مرحلہ آج سے شیخ زید اسٹیڈیم، ابوظہبی میں شروع ہو گا، پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا ملتان سلطانز سے ہو گا، تین مرحلوں کے اختتام کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم 5 فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے ۔
متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر پی ایس ایل فور میں ٹیموں کے درمیان دلچسپ و سنسنی خیز مقابلوں کا جاری ہے ، دبئی اور شارجہ میں شاندار مقابلوں کے بعد اب ابوظہبی میں چوکوں اور چھکوں کی بارش ہو گی۔ پی ایس ایل کا چوتھا مرحلہ آج اتوار سے ابوظہبی میں شروع ہو گا،
آج کھیلے جانے والے میچز میں پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہو گا۔ پشاور اور کوئٹہ کے درمیان میچ میں دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کیلئے کوشش کریں گے جبکہ کراچی اور سلطانز کے درمیان میچ میں دونوں ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی امید باقی رکھنے کیلئے مقابلہ کریں گی
اس لئے سخت مقابلوں کی توقع ہے ۔ پیر کو شیڈول میچز میں لاہور قلندرز کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اب تک کھیلے گئے میچز میں پشاور زلمی 5 فتوحات، 10پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سرفہرست ہے ۔کوئٹہ مشترکہ5 کامیابیوں، 10پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، اسلام آباد یونائیٹڈ چار فتوحات، 8پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ،لاہور قلندرز تین فتوحات، 6پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ،کراچی کنگز تین فتوحات، 6پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ملتان سلطانز دو فتوحات، 4پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔




































