
جوہانسبرگ( رنگ نو اسپورٹس ) قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ہوئے آئی سی سی ویمن
چیمپئن شپ کے پہلے ون ڈے میچ میں میزبان ویمن ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست کا مزا چکھا دیا
۔پوچفسٹروم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقی خواتین ٹیم شاندار پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے جم کر کھڑی نہ رہ سکی اورپوری ٹیم صرف 63 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقی ٹیم کی طرف سے کلوئے ٹرائیون نے سب سے زیادہ 21رنزجبکہ مِگنون ڈوپریز نے 18 رنز بنائے۔میزبان ٹیم کی 9 پلیئرز دوہرے ہندسے کا اسکور بنانے میں ناکام رہیں۔پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے 4، ناشرا سندھو اور ندا ڈار نے 2، 2 وکٹیں لیں۔جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 14 اعشایہ 4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کی جنوبی افریقا میں یہ پہلی کامیابی ہے جبکہ کم سے کم اوورز میں ہدف حاصل کرنے کا بھی یہ پہلا موقع ہے۔ پاکستان کی جویریہ خان 34 اورکپتان بسمہ معروف 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔اوپنرز ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے بالترتیب 4 اور 10 رنز بنائے۔شاندار بولنگ پر ثنا میر کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔




































