
لاہور( رنگ نو ڈاٹ کام) اگلے ماہ سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے پندرہ رکنی حتمی
پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نےلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈکپ کیلئے حتمی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کیا ۔ سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے فہیم اشرف، جنید خان اور عابد علی کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو شامل کرلیا ہے۔
پاکستان کا ورلڈ کپ سکواڈ اب ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سرفراز احمد ( کپتان )، فخرزمان،امام الحق، بابراعظم،حارث سہیل،محمد حفیظ، شعیب ملک،عماد وسیم، شاداب خان،حسن علی، آصف علی،محمد عامر، وہاب ریاض،شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین۔

ٹیم میں 5 کھلاڑی کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور حارث سہیل ایسے ہیں جنہیں اس سے قبل بھی ورلڈ کپ کھیلنے کا تجربہ ہے۔ جبکہ 10 کھلاڑی پہلی بار ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بولنگ میں تجربے کا فقدان نظرآیا لہٰذا محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں دو تجربہ کار بولرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ محمد عامر،آصف علی اور وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی۔

عامر کو انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا مگر چکن پاکس کا شکار ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف ایک بھی ون ڈے میچ نہیں کھیل پائے تھے۔
آصف علی انگلینڈ کے خلاف حالیہ دورے میں ساؤتھمپٹن اور برسٹل کے ون ڈے میچوں میں نصف سنچریاں بنا کر کپتان اور کوچ کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ وہاب ریاض دو سال سے ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں تھے۔
انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلا تھا جس میں وہ بولنگ کرتے ہوئے ان فٹ ہو گئے تھے ۔رواں برس انہوں نے پی ایس ایل اور قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔




































