
لاہور( اسپورٹس ڈیسک ) ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو فکسنگ کی پیشکش کا معاملہ ، آئی سی سی (انٹرنشنل کرکٹ کونسل ) حرکت
میں آگیا ، پی سی بی سے رابطہ، پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ )نے عمر اکمل سے متعلق ابتدائی شواہد آئی سی سی کو فراہم کر دیئے۔
کرکٹر عمر اکمل کا فکسنگ کی آفرپر اعتراف جرم کرنے کے بعد آئی سی سی نے ایکشن لے لیا،آئی سی سی کی جناب سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا گیا۔جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کے موبائل سمیت دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والے ثبوت آئی سی سی کو فراہم کر دیئے۔ اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کیا تھا ،اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کو موبائل ریکارڈنگ کے ذریعے پکڑا، پی سی بی کو اطلاع نہ دینے پر معطل کر دیا گیا۔
عمر اکمل نے ٹیم کو بتایا کہ میچ فکسنگ کی آفر ایک نجی محفل میں دی گئی۔ٹیم نے عمر اکمل سے سوال کیا کہ آفر سے متعلق پی سی بی یا اینٹی کرپشن یونٹ کو کیوں نہیں بتایا، عمر اکمل اینٹی کرپشن اہلکاروں کے اس سوال پر ٹیم کو مطمئن نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ عمر اکمل کے ماضی میں بھی سکینڈل سامنے آچکے ہیں۔ واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔ اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل راﺅنڈر انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔




































