
لاہور(اسپورٹس ڈیسک ) قومی کرکٹر ثناء میر نے اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیا۔ثنا میر نے اپنے کیرئیر
میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔
ثناء میر نے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا۔یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ثناء میر نے کہا کہ وہ اسپورٹ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ اسٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا‘ میں اپنے اہل خانہ نہ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، جن کے غیرمشروط تعاون نے انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی سے متعلق خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دی‘ اس موقع پر اپنے ڈیپارٹمنٹ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے پورے کیرئیر میں ان کا ساتھ دیا اور اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رہتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کام کرتی رہیں گی۔
ثناء میر نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ نے انہیں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور ان کے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے‘۔انہیں یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔




































