
لاہور (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے این سی بی کے مشورے کے بعد جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز کو غیرمعینہ مدت تک کے
لیے ملتوی کردیا ہے۔ پی سی بی نے یہ اعلان ڈچ حکومت کی جانب سے کوروناوائرس کی وباء کے پیش نظر یکم ستمبر 2020تک تمام اسپورٹس اور کلچرل ایونٹس پر پابندی عائد کرنے کے بعد کیا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز میں شامل تین میچز نیدرلینڈز کے شہرایمسٹلوین میں 4، 7 اور 9 جولائی کو کھیلے جانے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں شیڈول دورہ نیدرلینڈز ملتوی کررہے ہیں مگر موجودہ حالات میں یہ بالکل درست فیصلہ ہے کیونکہ انسانی زندگیاں کسی بھی کرکٹ میچ یا کسی بھی سرگرمی سے بہت زیادہ قیمتی ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ نیدر لینڈز کورونا وائرس کے باعث شدید متاثرہوا ہے اور ہم اس دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر دیگر تمام ممالک کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کے این سی بی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ اس مشکل صورتحال پر جلدقابو پالے گا۔
وسیم خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ دورہ نیدرلینڈز کا بھرپور لطف اٹھایا اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے ویسے ہی پی سی بی اپنی ذمہ داری کا مکمل احساس کرتے ہوئے کے این سی بی کی مشاورت سے دورہ نیدرلینڈز کے نئے شیڈول کی تیاری کاآغاز کردے گا۔




































