
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) اولمپین شبانہ اختر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ملک میں انڈور کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لئے
اسٹیڈیم تعمیر کروانے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روزخبر رساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خواتین کھلاڑیوں میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔
تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی خاتون اتھلیٹ شبانہ اختر نے کہا کہ وہ ملکی تاریخ میں پہلی خاتون تھی جس نے بین الاقوامی سطح پر 21 میڈلز حاصل کئے جن میں سونے، چاندی اور کانسی کے سات، سات میڈلز شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی اچھے اور ایماندار انسان ہونے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت اور دل سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکرم ساہی اور ان کی ٹیم اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔
ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی ایک ادنی خاتون ممبر ہونے کے ناطے میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ میں اتھلیٹکس کے کھیل میں ملک کی خدمت کروں۔





































