
جوہانسبرگ (ویب ڈیسک ) جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو 6
وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، جنوبی افریقہ نے 141 رنز کا ہدف 14 اوورز میں ہی باآسانی حاصل کرلیا، جارج لنڈے کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ففٹی رائیگاں گئی۔ پیر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 140 رنزبنائے۔ کپتان بابراعظم نے50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد حفیظ 32 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز جنوبی افریقی باﺅلرز کا سامنا نہ کر سکا۔ قومی ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے شرجیل خان متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان اننگز کی پہلی ہی بال پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں حسن علی اور حیدر علی 12,12 رنز بنا سکے، فہیم اشرف 5، عثمان قادر4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے اور لیزاڈ ولیمز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، تبریز شمسی اور سیسانڈا ماگالا نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے 141 رنز کا ہدف 14 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
اوپننگ بلے باز مارکرم نے مسلسل دوسرے میچ میں ففٹی سکور کی۔ وہ 54 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان کلاسن نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے والے لنڈے نے 20 رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی باﺅلنگ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ناکام نظر آئی۔ تمام باﺅلرز نے خوب رنز دیئے۔
عثمان قادر نے دو جبکہ حسن علی اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے جارج لنڈے کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے اس کامیابی کے بعد چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔




































