
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) خواتین کرکٹرز کا تربیتی کیمپ کا آغاز 24 اپریل سے کراچی میں
ہوگا، جس کے لئے 26 خواتین کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے اور کھلاڑی 17 اپریل کو کراچی پہنچیں گی۔وہ کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں سات روزہ قرنطینہ کے بعد 24 اپریل سے ٹریننگ کا آغاز کردیں گی۔ اسکلز اور فٹنس میں بہتری لانےکی غرض سے لگائے جانے والے اس کیمپ کی نگرانی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کریں گے، وہ فی الحال ایمرجنگ خواتین کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔
تربیتی کیمپ ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان اکیڈمی میں ہوگا، پی سی بی کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کیمپ کے تمام شرکا کو بائیو سیکور ببل میں داخلے کے لیے دو منفی ٹیسٹ درکار ہوں گے ۔ پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ ان کی اپنی رہائشگاہ جبکہ دوسرا 17 اپریل کو ان کی کراچی پر آمد کیا جائے گا۔
کیمپ کے شرکا کا تیسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ سات روزہ قرنطینہ کے اختتام پر کیا جائے گا۔ کیمپ میں شریک تمام خواتین کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف مقامی ہوٹل میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل میں قیام کریں گے۔




































