
لندن(اسپورٹس ڈیسک) انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین این واٹمور نے اپنے عہدے سے استعفے کے بارے میں کہا ہے کہ موجودہ حالات ان پر
کافی اثر انداز ہوئے جس کی وجہ سے انہوں نے پانچ سال کیلئے ملنے والا عہدہ 10 ماہ میں ہی چھوڑ دیا۔
رواں ماہ شیڈول انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔ کسی نے انہیں گھمنڈی قرار دیا تو کسی نے بزدل، کئی سابق برطانوی کرکٹرز کا کہنا تھا کہ دورے کی منسوخی کا اعلان کرنے کے بعد سے واٹمور منظر عام سے غائب ہیں۔
بالآخر واٹمور منظر عام پر آئے اور خود کو انگلش کرکٹ کے منظر سے ہمیشہ کیلئے علیحدہ کردیا۔انگلش کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ واٹمور اپنے عہدے سے فوری طور پر علیحدہ ہورہے ہیں۔خود واٹمور نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں خاص طور پر کووڈ 19کی وجہ سے مجھ سے وابستہ توقعات کافی مختلف ہوچکی تھیں جس کا مجھ پر کافی اثر ہوا ہے۔ اس لیے میں اب یہ بہتر سمجھتا ہوں کہ انگلش کرکٹ بورڈ ایک نیا چیئرمین منتخب کرلے۔





































