کراچی (نمائندہ رنگ نو )بانی ہمدرد پاکستان اور ملک وقوم کے ممتاز سماجی رہنما اور مدبرشہید حکیم محمد سعیدکے یوم ولادت ۹جنوری کی
مناسبت سےاُن کی یاد میں ہمدرد پاکستان کی جانب سے 5تا6جنوری2024ء کویوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں دو روزہ حکیم محمد سعید (شہید پاکستان) ہمدرد پریمیر لیگ24 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہمدرد پاکستان کےمختلف شعبہ جات اورذیلی اداروں کی دس ٹیموں نےحصہ لیا۔فائنل میں مارکیٹنگ ڈویژن کی ٹیم ٹائیگرزکاسامنا سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن کی ٹیم لیوپرڈز سے ہواجس میں ٹائیگرز نے شاندارکھیل پیش کر تے ہوئے لیوپرڈز کو یک طرفہ مقابلےمیں شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹائیگرز نےچار وکٹوں کے نقصان پر 77رنز بنائے۔مارکیٹنگ کی جانب سےمارکیٹنگ آفیسر باسط رشید نے شاندار باری کھیلتے ہوئے 12 گیندوں پر 42رنز بنائےاور فائنل کے بہترین کھلاڑی کی ٹرافی حاصل کی۔جواب میں لیوپرڈز کی ٹیم اپنے مقررہ چھ اوورز میں فقط32 رنز بناسکی۔
ٹورنامنٹ کی مہمان خصوصی ہمدردپاکستان کی چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد تھیں جنہوں نے فاتح ٹیم کے کپتان شہریار پاشا(ہیڈ اوف مارکیٹنگ)کو فاتح ٹرافی دی۔ مارکیٹنگ کےاحسن رانا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور بہترین بلے باز قرار پائے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن کی ٹیم ایگلز کےابراہیم احمد ٹورنامنٹ کے بہترین بولرقرار دئیے گئے۔ اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد بھی شریک ہوئیں اور محترمہ سعدیہ راشد کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔ٹورنامنٹ میں انفرادی سطح پر کئی کارکنان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔