
کراچی (اسپورٹس ڈیسک) ایچ ای سی زون ایل انٹر یونیورسٹی ہاکی چیمپئن شپ 2023 24 کا ٹائٹل کراچی یونیورسٹی نے جیت لیا۔
کراچی یونیورسٹی نے فائنل میں دیوان یونیورسٹی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی جاوید علی میمن، ڈائریکٹر اسپورٹس سر سید یونیورسٹی مبشر مختار،ڈاکٹر شیراز الحق موہانی، محمد حمزہ، جمشید، اکبر علی، حفیظ خان و دیگر بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی جاوید علی میمن نے کہا کہ قومی کھیل کا فروغ اولین ترجیح ہے۔ ہاکی کو فروغ دینے کیلئے سندھ بھر میں ٹورنامنٹس منعقد کرائے جائیں گے۔
کراچی کے تمام زونز میں ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا گیا، نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ ہاکی کی ترقی کیلئے گراس روٹ لیول پر کام کر رہے ہیں۔ہمدرد یونیورسٹی نے اقرا یونیورسٹی کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مبشر مختار نے کہا کہ یونیورسٹیز سے نوجوان کھلاڑی ابھر کر آرہے ہیں، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آرگنائزر زون ایل حفیظ خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی ڈی جی ایچ ای سی جاوید علی میمن نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافی تقسیم کیں۔





































