
لاہور ( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے جنوبی افریقہ، تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور سری لنکا کے خلاف
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کیلئےقومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔ پی سی بی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیلئے15 رکنی جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے 16 رکنی اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی ون ڈے اسکواڈ کے کپتان ہوں گے، نوجوان فاسٹ بولر عثمان طارق کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ عبدالصمد، بابر اعظم اور نسیم شاہ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابراراحمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، حسن نواز، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان (وکٹ کیپر) اور عثمان طارق شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں فخر زمان، حارث رؤف اور سفیان مقیم کو رکھا گیا ہے۔
ون ڈے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم،فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلی جائے گی، جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز فیصل آباد میں 4 سے 8 نومبر تک شیڈول ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 11 سے 15 نومبر تک راولپنڈی میں ہوگی۔ اس کے بعد پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔





































