
کولمبو :کولمبو میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ
سے شکست دے دی۔ 148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی ٹیم نے آخری اوور میں کامیابی حاصل کی، جہاں فہیم اشرف کی جرات مندانہ بیٹنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے۔
ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار اس نوعیت کی پچ دیکھنے کو ملی ہے، ٹیم میں تین فاسٹ بولرز شامل ہیں اور کوشش ہوگی کہ طے شدہ حکمتِ عملی پر مکمل عمل کیا جائے ۔
میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی بولرز نے دباؤ ڈال دیا۔ نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب میکس ڈووڈ صرف 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے۔ دوسری وکٹ 31 کے مجموعی اسکور پر گری، جہاں محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر پویلین واپس بھیجا۔
تیسری کامیابی پاکستان کو 65 رنز پر ملی، جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد نیدرلینڈز کے بیٹرز نے محتاط شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 105 تک پہنچایا، تاہم محمد نواز نے پارٹنرشپ توڑ کر پاکستان کو چوتھی وکٹ دلوا دی,بعد ازاں پاکستانی فیلڈرز نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور نیدرلینڈز کے باقی تمام بیٹرز کیچ آؤٹ ہوتے گئے، یوں پوری ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جبکہ شاداب خان چار اوورز میں 26 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔





































