
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں اب صرف 36 دن باقی رہ گئے ہیں، اور میگا ایونٹ سے قبل
زمبابوے نے باضابطہ طور پر اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے,آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا کے سپرد کی ہے، جن پر ٹیم کو عالمی سطح پر مضبوط کارکردگی دلانے کی ذمہ داری ہوگی۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کپتان سکندر رضا کے علاوہ برائن بینیٹ، ریان برل، گریم کریمر، بریڈلی ایوانس، کلائیو مداندے، ٹینوٹینڈا ماپوسا، تاڈیوانشے مرومانی، ویلنگٹن مساکادزا، ٹونی منیونگا، تاشینگا موسیکیوا، بلیسنگ موزارابانی، ڈیون مائرز، رچرڈ نگاراوا اور برینڈن ٹیلر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
زمبابوے کرکٹ حکام کے مطابق ٹیم کا انتخاب حالیہ کارکردگی، فٹنس لیول اور بین الاقوامی تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ٹیم کا ہدف ایونٹ میں سخت مقابلہ کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلانا ہے۔
ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ سکندر رضا کی قیادت میں زمبابوے کی ٹیم مضبوط حریفوں کے خلاف مؤثر اور متوازن کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 9 فروری کو عمان کے خلاف کھیلے گی، جسے گروپ مرحلے کا اہم مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ زمبابوے کو ایونٹ کے گروپ بی میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 7 فروری سے ہوگا، یہ میگا ایونٹ بھارت اور سری لنکا میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ زمبابوے اپنی مہم کا آغاز سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے کرے گی۔




































