
ڈھاکا ( اسپورٹس ڈیسک )بنگلا دیش کے مایہ ناز فاسٹ بولر مستفیض الرحمان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے باضابطہ طور پر
رجسٹریشن کروا دی ہے۔پی ایس ایل 11 کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس کی آخری تاریخ 20 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ دنیا بھر کے کرکٹرز کی جانب سے لیگ میں شرکت کے لیے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ مستفیض الرحمان کو انتہا پسند ہندوؤں کے دباؤ کے باعث آئی پی ایل 2026 سے ریلیز کر دیا گیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا اور میچز بھارت سے کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مستفیض الرحمان سمیت متعدد بنگلا دیشی کرکٹرز پی ایس ایل 11 کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ اب تک تقریباً 10 بنگلا دیشی کھلاڑیوں نے لیگ میں شرکت کے لیے اپنے نام درج کروائے ہیں جن میں تسکین احمد، شکیب الحسن، رِشاد حسین اور تنزید حسن بھی شامل ہیں۔




































